چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل اسٹیشن کا آج وزیر اعظم نریندر مودی افتتاح کریں گے

   

آن لائن تقریب، 428 کروڑ سے عصری سہولتیں، شہر کے دیگر اسٹیشنوں پر مسافرین کے دباؤ میں کمی
حیدرآباد۔/5جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کل 6 جنوری کو صبح 10:30 بجے ریموٹ ویڈیو لنک کے ذریعہ چرلہ پلی کے نئے عصری ٹرمنل اسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کے دوسرے انٹری پوائنٹ پر اس سلسلہ میں تقریب منعقد کی جائے گی۔ گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما، چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی، مرکزی مملکتی وزیر ریلویز وی سومنا، مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار، ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، رکن پارلیمنٹ ملکاجگری ایٹالہ راجندر اور دیگر عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین اور دیگر عہدیدار افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دیہانت کے سبب سرکاری سوگ منایا گیا جس کے نتیجہ میں چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کی افتتاحی تقریب ملتوی کی گئی۔ مرکزی حکومت ملک کے اہم شہروں میں ریلوے اسٹیشنوں کو عصری بنانے کے اقدامات کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی چرلہ پلی کے علاوہ ملک کے دیگر ریلوے پراجکٹس کا آن لائن افتتاح کریں گے۔ تلنگانہ میں حالیہ برسوں میں ریلوے مسافرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ سکندرآباد، نامپلی، لنگم پلی اور کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کی تعداد کو کم کرنے کیلئے چرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کو عصری ٹرمنل اسٹیشن کے طور پر ترقی دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چرلہ پلی ٹرمنل کے آغاز کے بعد دیگر ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کے بوجھ میں کمی آئے گی۔ بین الاقوامی سہولتوں کے ساتھ ترقی دینے کیلئے مرکزی حکومت نے 428 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ ٹرمنل سے 24 مختلف علاقوں کیلئے ٹرینوں کی آمدورفت رہے گی۔ ٹرمنل کے اطراف گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ 5 عصری لفٹس تیار کی گئیں جبکہ 5 اسکلیٹرس تیار کئے گئے ہیں۔ ٹرمنل میں کیفٹیریا اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق چرلہ پلی ٹرمنل اسٹیشن ملک کا مثالی اسٹیشن رہے گا۔1