حیدرآباد ۔ بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے ساوتھ فلم انڈسٹری کے میگا اسٹار چرنجیوی سے سوال پوچھا تو انہیں ٹھوس جواب مل گیا۔ عامر خان جو ان دنوں اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کیتشہیر میں مصروف ہیں، انہوں نے حیدر آباد میں چرن جیوی کے گھر پر اپنی فلم کے تلگو ورژن کی اسپیشل اسکریننگ رکھی۔ اس موقع پر باہو بلی کے ڈائریکٹر ایس ایس راجا مولی، ناگ ارجن، سوکمار سمیت ساوتھ کئی فلمی ستارے اور میڈیا بھی موجود تھا۔ عامرخان نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چرنجیوی سے متعلق ایک واقعہ شیئر کیا اور ساتھ ہی دل میں موجود سوال بھی پوچھ لیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اسٹار نے چرنجیوی سے استفسار کیا کہ انہوں نے اپنی فلم گاڈ فادر میں میرے بجائے سلمان خان کا انتخاب کیوں کیا؟ چرنجیو ی نے عامر خان کے سلمان خان کو ترجیح دیے جانے سے متعلق سوال پر مذاق ہی مذاق میں مناسب جواب دیا اور اْس سے متعلق ٹھوس وجہ بھی بتادی۔ دراصل بات کا آغاز یوں ہوا کہ چرنجیوی نے میڈیا کی موجودگی میں عامر خان سے تلگو فلموں میں کام کرنے سے متعلق پوچھا۔ اس پر بالی ووڈ اسٹار نے جو اب دیا کہ میں بالکل تلگو فلم میں کام کرنا پسند کروں گا، ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ میں نے چرنجیوی سر سے کہا کہ وہ مجھے اپنی فلم گاڈفادر میں کام کرنے کا موقع دیں۔اس پر چرنجیوی نے مجھ سے کہا کہ میں آپ کو اس حوالے سے کال کروں گا، پھر دو دن بعد انہوں نے مجھے بتایا کہ وہ سلمان خان کے ساتھ شوٹنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چرنجیوی سر اس کے ساتھ ہی مجھے فلم سے متعلق بتانے لگ گئے، پھر میں نے پوچھا کہ آپ نے مجھے نہیں سلمان خان کو کال کی؟ اس واقعے کے دوران چرنجیوی ہنستے رہے اور انہوں نے اسی انداز میں جواب دیا کہ اس کی ٹھوس وجہ تھی، دراصل فلم کا کردار دل اور دماغ سے متعلق نہیں تھا بلکہ اس میں باڈی اہم تھی، اس لیے سلمان خان کا انتخاب عمل میں آیا۔ سلمان خان ہدایت کار موہن راجا کی فلم گاڈ فادر میں مختصر رول ادا کریں گے، جو ملیالم سوپر ہٹ فلم لوسی فر کا ری میک ہے۔