حیدرآباد /11 ڈسمبر ( سیاست نیوز) چلتی ٹرینوں میں سرقہ کرنے والے ایک شاطر جوڑے کو ریلوے پولیس نے گرفتارکرلیا ۔ گرفتار میاں بیوی میں شوہر بیوی سے عمر میں چھوٹا بتایا گیا ہے ۔ ریلوے پولیس سکندرآباد نے ایک اہم کارروائی میں اس شاطر جوڑے کو بے نقاب کردیا ۔ 25 سالہ ایم کرشنا اور اس کی بیوی 30 سالہ شالینی ریڈی عرف جھانسی ساکنان پٹن چیرو ضلع سنگاریڈی کو گرفتار کرلیا ۔ ان دونوں میاں بیوی نے 5 وارداتیں انجام دیں ۔ جو سفر کے بہانے ٹرین میں چڑھنے کے بعد خواتین کو نشانہ بنایا کرتے تھے ۔ ریلوے پولیس نے ان کے قبضہ سے 32 تولہ طلائی زیورات جو 13 لاکھ روپئے مالیتی کے بتائے گئے ہیں کو ضبط کرلیا ۔ ریلوے پولیس کے مطابق اس جوڑے کو سابق میں 6 مقدمات کے تحت کاچی گوڑہ ریلوے پولیس نے گرفتار کیا تھا اور انہیں 6 ماہ کی سزاء بھی ہوئی تھی ۔