چلوٹینک بنڈ پروگرام کی تائید کا اعلان: اتم کمار

   

حیدرآباد۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ہفتے کو آر ٹی سی جے اے سی کے چلو ٹینک بنڈ پروگرام کی تائید کا اعلان کیا اور کانگریس کارکنوں سے احتجاج میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے ایک ماہ سے زائد عرصے سے ہڑتال پر ہیں۔ کانگریس پارٹی ابتداء ہی سے آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہٹ دھرمی کے رویہ کے نتیجہ میں کئی ملازمین کی موت واقع ہوگئی۔ اتم کمار ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہائی کورٹ کی جانب سے حکومت کو مسئلہ کی یکسوئی کے لیے آر ٹی سی یونین سے مذاکرات کی ہدایت کے باوجود چیف منسٹر کے سی آر عدالت کے فیصلے کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہے۔ کے سی آر کے ہٹ دھرمی کے رویہ نے صورتحال کو مزید سنگین بنادیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آر ٹی سی ہڑتال کی تائید کے لیے جے اے سی نے تعاون کی اپیل کی۔ لہٰذا چلو ٹینک بنڈ پروگرام میں کانگریس کارکن بڑی تعداد میں حصہ لیتے ہوئے کامیاب بنائیں گے۔