’چلو آتما کور‘ جلوس روک دیا گیا، چندرا بابو گھر پر نظر بند

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/11 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست آندھرا پردیش پولیس نے اپوزیشن تلگودیشم پارٹی کے منظم کردہ ’’ چلو آتما کور ‘‘ پروگرام کو انتہائی سختی کے ساتھ کچل ڈالا اور چلو آتما کور پروگرام کیلئے روانہ ہونے والے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و قائد اپوزیکشن چندرا بابو نائیڈو اور قومی جنرل سکریٹری و یوتھ قائد تلگودیشم پارٹی این لوکیش کے ساتھ اہم قائدین کو مختلف مقامات پر گھروں پر نظر بند کردیا جس کے نتیجہ میں ساری ریاست میں سنسنی و ہلچل پھیل گئی۔ شاید ہی ایک زیڈ زمرہ کی سیکورٹی کے حامل سابق چیف منسٹر اور موجودہ قائد اپوزیشن کو اس طرح گھر پر نظر بند کردینے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ جبکہ گنٹور میں متاثرین کے لئے قائم کردہ بازآبادکاری مرکز کے اطراف پولیس کی بھاری جمعیت متعین کی گئی ہے۔وائی اسی آر کانگریس پارٹی کے تلگودیشم پارٹی کارکنوں و قائدین پر کئے گئے حملوں ، ظلم وزیادتیوں اور ہراسانیوں کے خلاف تلگودیشم پارٹی قائد چندرا بابو نائیڈو نے ’’ چلو آتما کور ‘‘ پروگرام کا اعلان کیا تھا۔پروگرام کے مطابق نائیڈو کے روانہ ہونے کے دوران انہیں پولیس نے گھر پر نظر بند کردیا جس کی وجہ سے نہ صرف ضلع گنٹور میں بلکہ ریاست بھر میں تلگودیشم قائدین و کارکنوں میں سخت احتجاج کیا گیا ۔ کیونکہ چلو آتما کور پروگرام کی اجازت نہ دیتے ہوئے پولیس نے بہر صورت اعلیٰ عہدیداروں نے تلگودیشم پارٹی کے اہم قائدین کے مکانات کے پاس پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کرکے پارٹی قائدین کو گھر سے باہر نکلنے نہیں دیا۔