ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی کو ٹی ہریش راؤ کا مکتوب، عوام کو درپیش مشکلات کا تذکرہ
سدی پیٹ /6 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سابق وزیر و ایم ایل اے سدی پیٹ ہریش راؤ نے ریاستی وزیر آبپاشی اْتم کمار ریڈی کو خط لکھ کر چِلکالاپلّی کے عوام کو بے زمین متاثرین کے طور پر تسلیم کرنے اور ان کی مدد کرنے کا مطالبہ کیا۔ سابق وزیر و ایم ایل اے سدی یٹ ٹی ہریش راؤ نے خط میں چِلکالاپلّی کے عوام کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا۔ چِنّہ کوڈور منڈل کے چِلکالاپلّی گاؤں کو ڈوبنے والا گاؤں قرار دے کر وہاں کے عوام کے لیے ایک مخصوص باز آبادکاری مرکز قائم کیا جائے اور انہیں مناسب پیکیج دیا جائے۔ ہریش راؤ نے اس خط میں ذکر کیا کہ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ کے چِنّہ کوڈور منڈل کے حدود میں واقع چِلکالاپلّی گاؤں کے قریب کالیشورم پراجیکٹ کے تحت ‘انناپورنا (انتگیری) ریزروائر’ کی تعمیر کی جا رہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت قریبی کوچّی گْٹّا پَلّی گاؤں کے 104 خاندانوں کو متاثرین قرار دے کر انہیں پیکیج اور باز آبادکاری کالونی فراہم کی گئی ہے۔ اس گاؤں سے محض 50 میٹر کے فاصلے پر چِلکالاپلّی گاؤں واقع ہے۔ پہلے FRL میں اس گاؤں کے صرف 2 مکانات اور 4 خاندان ہی متاثر ہوئے تھے، اس لیے انہیں آر اینڈ آر پیکیج دیا گیا۔ لیکن فی الحال اضافی TMC پمپ ہاؤس کے کاموں کے دوران بلاسٹنگ، ڈمپ یارڈ کی تعمیر، اور تین اطراف سے انناپورنا ریزروائر کے پانی کے محاصرے کی وجہ سے گھروں میں پانی داخل ہو رہا ہے، نکاسی کا نظام متاثر ہو چکا ہے، ڈمپنگ کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں، موبائل سگنلز دستیاب نہیں ہیں، اور واحد سڑک راستہ بھی کاموں کے سبب بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ہریش راؤ نے اس معاملے کو پہلے بھی سدی پیٹ ضلع کلکٹر اور آر اینڈ آر کمشنر کے سامنے پیش کیا تھا اور اس حوالے سے ایک خط بھی تحریر کیا تھا۔ انہوں نے اْتم کمار ریڈی سے درخواست کی کہ ان تمام مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے چِلکالاپلّی گاؤں کو باقاعدہ طور پر ڈوبنے والا گاؤں قرار دیا جائے اور وہاں کے عوام کے لیے مناسب پیکیج اور باز آبادکاری کالونی فراہم کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 17 دنوں سے مقامی عوام بھوک ہڑتال اور احتجاج کر رہے ہیں، مگر حکومت نے اب تک کوئی توجہ نہیں دی۔ لہذا حکومت فوری طور پر قدم اٹھاتے ہوئے چِلکالاپلّی کے عوام کی مدد کرے۔ اسی ضمن میں، ہریش راؤ نے آر اینڈ آر کمشنر ونئے کرشنا ریڈی سے فون پر بات کر کے اس مسئلے کی طرف توجہ مبذول کروائی۔