حیدرآباد۔ چلکل گوڑہ میں قتل کی واردات پیش آئی۔ موٹر سائیکل کے مسئلہ پر ایک نوجوان کو اسکے ساتھیوں نے زدوکوب کرکے ہلاک کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 20 سالہ محمد فیصل ساکن ایل این نگر وارثی گوڑہ محمد ربانی کا بیٹا تھا اور ویلڈر تھا۔ فیصل نے کل صبح اپنے دوست نکھل کی موٹر سائیکل لی تھی اور دوپہر اسے واپس کردیا۔ نکھل نے فیصل سے کہا کہ موٹر سائیکل خراب ہوگئی ہے اور اسے درست کروائے ۔ اس مسئلہ پر نکھل نے اپنے ساتھیوں سونو، رحیم، عارف اور دیگر کے ساتھ فیصل کو طلب کیا اور تکرار کی ۔ بعد ازاں فیصل کو شدید زدوکوب کیا جس کے نتیجہ میں وہ گرپڑا۔ فیصل کو دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے دوسرے دواخانہ کو منتقل کرنے کہا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس چلکل گوڑہ نے نکھل اور دیگر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔