نئی دہلی ۔ چمپئنزٹرافی2025 کے لیے ٹیم انڈیا کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم آئندہ سال 20 فروری سے پاکستان میں ہونے والے اس آئی سی سی ٹورنمنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ شیڈول کے مطابق ٹیم انڈیا کو اپنے تمام میچ لاہور میں کھیلنے ہیں۔ تاہم ٹیم انڈیا ٹورنمنٹ کھیلنے کے لیے پاکستان جائے گی یا نہیں اس حوالے سے ابھی تک تجس برقرار ہے۔ بی سی سی آئی نے ٹورنمنٹ میں ہندوستان کی شرکت کی منظوری دے دی ہے لیکن یہ واضح نہیں ہے کہ آیا وہ صرف اپنے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان جائے گا۔ اگلے سال7 سال بعد چمپئنز ٹرافی کا انعقاد کیا جائے گا۔ آخری بار یہ ٹورنمنٹ سال 2017 میں منعقد ہوا تھا جس میں پاکستان ہندوستان کو شکست دے کر فاتح بنا تھا۔ اس تناظر میں پاکستان ٹیم اپنی میزبانی میں خطاب کے دفاع کے لیے میدان میں اترے گا۔ رپورٹس کے مطابق چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ٹیم انڈیا کا شیڈول کچھ یوں سامنے آیا ہے۔ اس شیڈول کے مطابق ٹیم انڈیا اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد وہ 23 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا میچ کھیلیں گی۔ جبکہ ہندوستان گروپ مرحلے کا تیسرا اورآخری میچ ٹورنمنٹ کے میزبان اور اس کے روایتی حریف پاکستان کے خلاف کھیلے گا۔ یہ میچ یکم مارچ کو کھیلا جائے گا۔ ٹیم انڈیا کے تینوں میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم یہ شیڈول ابھی تک مجوزہ ہے۔ بی سی سی آئی نے ابھی تک پاکستان جانے کی رضامندی نہیں دی ہے۔ ایسے میں یہ طے نہیں ہے کہ ٹیم انڈیا اپنے میچ لاہور میں ہی کھیلے گی یا کسی تیسرے مقام پر۔ ٹیم انڈیا چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان جاتی ہے یا نہیں، یہ مکمل طور پر حکومت ہند کے فیصلے پر منحصر ہے۔ حکومت کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد ہی بی سی سی آئی کو پاکستان میں چمپئنز ٹرافی کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ چمپئنز ٹرافی2025 کا انعقاد پاکستان کے 3 شہروں لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں ہونا ہے لیکن ہندوستان کے تمام میچ لاہور میں ہونے ہیں۔ یہ فیصلہ سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔