چمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کی جگہ سری لنکا شرکت کرے گا !

   

دبئی ۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) آئندہ چمپئنز ٹرافی کے لیے ہندوستان کی جگہ سری لنکاکو ٹورنمنٹ میں شرکت کا موقع دے سکتی ہے اگر بی سی سی آئی نے اس ایونٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں بھیجی۔ کئی پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق اگر ہندوستانی حکومت مردوں کی ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے کی اجازت نہیں دیتی ہے تو اعلیٰ ادارہ دراصل ہندوستان سے آگے بڑھ سکتا ہے، ان کی جگہ لنکا کے کھلاڑی لے سکتے ہیں۔ پاکستان کو اگلے سال ہونے والی چمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا باضابطہ حقوق حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مجوزہ شیڈول کا بھی اعلان کردیا ہے ، جس میں میزبان ٹیم کا ٹورنمنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ سے مقابلہ ہوگا۔ تاہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے، ہندوستانی حکومت ممکنہ طور پر ٹیم کے پڑوسی ملک کے دورے کی منظوری نہیں دے گی۔ ایسے میں بی سی سی آئی نے ایک متبادل ہائبرڈ ماڈل کے لیے کہا تھا، جس میں ہندوستان اپنے میچ سری لنکا یا دبئی میں کھیلے۔ تاہم جیسا کہ کئی پاکستانی صحافیوں نے دعویٰ کیا ہے، پی سی بی ممکنہ طور پر ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کردے گا، اگر ہندوستان نے چمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکارکیا تو آئی سی سی سری لنکا کو ہندوستان کے مقام پر ایونٹ میں شرکت کیلئے مدعو کرے گا لیکن دوسری جانب ہندوستان کی عدم شرکت سے ٹورنمنٹ پر مالی طور پر اثر پڑے گا، آئی سی سی پی سی بی کو ہائبرڈ موڈ اپنانے اورگزشتہ سال ایشیا کپ کی طرح چمپئنز ٹرافی کروانے پر مجبور کر سکتا ہے۔