لاہور: آئی سی سی چمپئنز ٹرافی 2025 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب لاہور میں ہوئی جس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو، پی سی بی کے اعلیٰ حکام، سیاسی شخصیات سمیت سابق کرکٹرز نے شرکت کی جبکہ تقریب میں 2017 کی فاتح ٹیم بھی شریک ہوئی۔ افتتاحی تقریب لاہور قلعہ کے دیوان عام میں منعقدہ کی گئی جس میں چمپئنز ٹرافی کے ایمبیسیڈرز نے بھی شرکت کی۔ ایونٹ میں کرکٹ لجنڈز کا پیانل ڈسکشن بھی ہوا جبکہ آتش بازی کے مظاہرے نے سماں باندھ دیا۔ چمپئنز ٹرافی کی تقریب میں وزیرکھیل پنجاب فیصل ایون کھوکھر، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان بھی شریک ہوئے۔ 2017 چپئنز ٹرافی کے فاتح اسکواڈ کے کھلاڑیوں میں محمد عامر، جنید خان، حارث سہیل، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، حسن علی، اظہر علی بھی تقریب میں موجود تھے۔ چمپئنز ٹرافی کے رواں ایڈیشن کے برانڈ ایمبیسڈرز اور پاکستان کو واحد چمپئنز ٹرافی جتوانے والے کپتان سرفراز احمد کے علاوہ جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی کو خصوصی گاڑی میں بیٹھا کر دیوان عام میں پہنچایا گیا۔ چیئرمین پی سی بی نے چمپئنز ٹرافی کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں اس ایونٹ پر ہیں جبکہ پاکستان مکمل طور پر تیار ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جیف الارڈیس نے پاکستان کے جانب سے چمپئنز ٹرافی کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قذافی اسٹیڈیم کے 117 دنوں میں تیار ہونے پر حیرانگی ظاہر کی۔ پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے امید ظاہر کی کہ پاکستان دوبارہ چمپئنز ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگا۔ تقریب کے دوران گلوکاروں نے سُروں کا بھی جادو جگایا۔ رنگا رنگ تقریب کے اختتام پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے نے سماں باندھ دیا۔