چمپئن ہندوستانی ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

   

نئی دہلی ۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی چمپئن ٹیم وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ ہندوستانی ٹیم جمعرات کی صبح 6 بجے بارباڈوس سے نئی دہلی پہنچی۔ روہت شرما کی کپتانی میں تاریخی فتح حاصل کرنے والی ٹیم انڈیا کا دہلی ایرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ شائقین کی بڑی تعداد کھلاڑیوں کو مبارکباد دینے ایرپورٹ پر موجود تھی۔ اس دوران روہت شرما نے کچھ ایسا کیا کہ وہاں موجود کرکٹ شائقین خوشی سے اچھل پڑے۔روہت شرما نے مداحوں کو خوش کردیا۔ بی سی سی آئی نے دہلی ایرپورٹ کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئرکیا ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی اپنے ملک واپس آنے پرکافی خوش نظر آئے۔ اس دوران جئے شاہ نے ٹیم کا استقبال کیا اور پھرکیک بھی کاٹا گیا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا دہلی ایرپورٹ سے باہر آئی۔ ایرپورٹ کے باہر مداحوں کا ہجوم تھا اور ہر کسی نے ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دوران روہت شرما نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھا کر شائقین کی مبارکباد قبول کی۔ جیسے ہی روہت نے ٹرافی کو مداحوں کی طرف بڑھایا، مداحوں کا ردعمل دیکھنے کے لائق تھا۔ وہاں موجود ہر کرکٹ شائقین خوشی سے اچھل پڑا۔ دہلی ایرپورٹ سے ٹیم بس کے ذریعے ہوٹل کے لیے روانہ ہوئی۔ ٹیم بس میں بھی روہت شرما نے مداحوں کا خیال رکھا اور راستے میں کئی مقامات پر شائقین کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی ٹرافی دکھاتے ہوئے جوش کو دوبالا کیا۔ روہت شرما کو ٹرافی کے ساتھ دیکھتے ہی مداحوں نے بھی شور مچانا شروع کردیا۔ روہت شرما یہیں نہیں رکے، انہوں نے ٹیم ہوٹل کے باہر بھی خوب ڈانس کیا۔ اب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پرکافی وائرل ہوا۔ روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے مداحوں کا طویل انتظار ختم کردیا ہے۔ یاد رہے کہ ٹیم انڈیا نے آخری بار سال2013 میں آئی سی سی ٹرافی جیتی تھی۔ تب سے بھی ہندوستانی شائقین آئی سی سی ٹرافی کا انتظار کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے17 سال بعد ٹی20 ورلڈ کپ جیتا ہے۔ اس سے قبل ایم ایس دھونی کی کپتانی میں ٹیم سال 2007 میں ٹی 20 ورلڈکپ کا خطاب جیت کر ہندوستان آئی تھی۔
تمام مقابلے پاکستان میں ہوں گے :بی سی بی
لاہور ۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اچھی خبریں ہیں، ایونٹ کے تمام میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہندوستانی ٹیم کے چمپئنز ٹرافی میں شرکت پر ابھی کچھ نہیں کہوں گا، مگر اچھی خبر ہی ہوگی۔ محسن نقوی کے بموجب چمپئنز ٹرافی سے قبل تینوں اسٹیڈیمزکی اپ گریڈیشن مکمل کرنی ہے، چمپئنز ٹرافی کے لیے ٹکٹس کا کوٹہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی والوں کو کہا ہے کہ ٹکٹس پر لوگ آپ کو تنگ کریں گے، ٹکٹس بیچ کر پی سی بی کی آمدنی بڑھائیں گے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران پی سی بی عہدیداروں کو صرف 4 ٹکٹس ملی تھیں، مفت ٹکٹس کا رواج ختم کرنا ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہند۔ پاک سیریز کے لیے کرکٹ آسٹریلیا سے بھی اچھا متبادل ہے، ہند ۔ پاک سیریز کے حوالے سے بھی اچھی خبر ہوگی۔امید کی جارہی کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد سیریز ہوگی ۔