چمپاپیٹ میں دیوار منہدم ، دو کمسن بچے شدید زخمی

   

قدیم و خستہ حال عمارتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ، شہریوں میں تشویش
حیدرآباد ۔ 7 جون ۔ ( سیاست نیوز) چمپاپیٹ کے علاقہ ماروتی نگر میں دیوار منہدم ہونے کے سبب دو کمسن بچے شدید زخمی ہوگئے ۔ اطلاع کے فوری بعد چوکسی اختیار کرتے ہوئے راحت کاری ٹیموں نے دو بچوں کو بچالیاجو دیوار کے ملبہ میں موجود تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک قدیم دیوار آج شام اچانک منہدم ہوگئی جس کے قریب چند بچے کھیل رہے تھے ۔ یہ واقعہ چمپاپیٹ کے ماروتی نگر میں پیش آیا ۔ دیوار کے منہدم ہونے کے سبب مقامی عوام میں خوف و ہراسانی پھیل گئی اور اطلاع کے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ فائر آفیسر سرینواس ریڈی مقام واردات پہونچ گئے اور ملک پیٹ سے فائر انجن گاڑی کو طلب کرلیا گیا اور فوری طورپر ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی ماروتی نگر پہونچ گئیں تھیں۔ جے سی بی کے ذریعہ دیوار کے ملبہ کو ہٹاکر دیوار کی زد سے بچوں کو بچالیا گیا اور انھیں فوری طورپر ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ ان بچوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔ موسم برسات کے آغاز سے قبل قدیم دیوار کے منہدم ہونے سے عوام میں خوف پایا جاتا ہے ۔ شہر میں قدیم و خستہ حال بوسیدہ عمارتوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ ایسی صورت میں اس طرح کے واقعہ کا رونما ہونا شہریوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بن گیا ہے ۔ بلدیہ نے سابق میں خستہ حال بوسیدہ قدیم عمارتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے اُن کے خلاف کارروائی کی تھی شاید اب مانسون کی آمد کے پیش نظر اس واقعہ کا پیش آنا چوکسی کا ایک پیغام تصور کیا جارہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو چاہئے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کو فوری طورپر انجام دے۔ ع