چمپیئنز لیگ کا فائنل 29 اگسٹ کو منعقد کرنے کا فیصلہ

   

لندن ۔18 اپریل(سیاست ڈاٹ کام) یوئیفا نے چمپیئنز لیگ فٹبال کے باقی میچزکروانے کا فیصلہ کیا ہے، ایونٹ کا فائنل 29 اگست کو استنبول میں کروانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ تاہم اس کا حتمی فیصلہ یوئیفا کے آئندہ ہفتے ہونے والے اجلاس میں کیا جائیگا۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا نے کھیلوں کو بھی بری طرح متاثر کیا۔ انگلش پریمیئر لیگ، اسپینش لیگ، بنڈاس لیگا سمیت یورپ اور امریکہ میں ہونے والی تمام لیگز پہلے معطل ہوچکی ہیں۔ ایسے میں یوئیفا نے چیمپیئنز لیگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی کا اجلاس 23 اپریل کو مقررکیا گیا ہے۔امکان ہے کہ اکثریت اس بات پر متفق ہوجائے گی کہ ٹورنمنٹ کو جلد ختم کیا جائے۔ چمپئنز لیگ فٹبال کی آٹھ میں سے چار کوارٹر فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہوچکا ہے جبکہ باقی چار ٹیموں کا فیصلہ ہونا ہے۔ یوئیفا چاہتا ہے کہ ٹورنامنٹ کا دوبارہ آغاز کیا جائے اور اس کا فائنل 29 اگست کو استنبول میں کروایا جائے۔