چنئی۔ دو نئے کپتانوں شبمن گل اور رتوراج گائیکواڈ کے درمیان ذہانت کا امتحان ہوگا جب منگل کو یہاں انڈین پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں دفاعی چمپئن چنئی سوپرکنگز کا گجرات ٹائٹنز کیساتھ مقابلہ ہوگا۔ دونوں اوپنرز اپنی ہموار اور خوبصورت بیٹنگ کے لیے مشہور ہیں اور اب وہ حکمت عملی کی بالادستی کی جنگ میں مصروف ہوں گے کیونکہ سی ایس کے اورجی ٹی اپنے پچھلے میچوں میں جیت کے بعد اپنی رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہوں گے۔ رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف سی ایس کے کے پہلے مقابلے کے موقع پر لیجنڈری مہندر سنگھ دھونی کے کپتانی سے دستبردار ہونے کے بعد جہاں گائیکواڈ کو کپتانی کے عہدے پر فائزکیا گیا تھا، گل کے پاس اپنے نئے کردار کی تیاری کے لیے تھوڑا اور وقت تھا کیونکہ انہیں ٹائٹنزکی قیادت کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ ہاردک پانڈیا گزشتہ سال نومبر میں ہی ٹیم سے چلے گئے تھے۔ 24 سال کی عمر میں، گل آئی پی ایل میں سب سے کم عمرکپتان ہیں لیکن انہوں نے قائدانہ کردار میں ایم آئی کے خلاف اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ تاہم گل کا کام تھوڑا آسان بنا دیا گیا ہے کیونکہ ان کے پاس ہیڈکوچ آشیش نہرا ہیں، جو حکمت عملی کے لحاظ سے شاندار ذہن کے مالک ہیں، تجربہ کار ڈیوڈ ملر اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کی خدمات دستیاب ہیں۔دوسری طرف، گائیکواڈ دھونی کی سرپرستی میں اپنے کپتانی کے ڈیبیو پر متاثر رہے کیونکہ سی ایس کے نے آرسی بی کے خلاف چھ وکٹ سے جیت حاصل کی۔ لیکن بولنگ یونٹ بہتر کوششوں پر نظر رکھے گا، خاص طور پر فاسٹ بولرتشار دیشپانڈے اور مستفیض الرحمان کے چار وکٹ لینے کے بعد سی ایس کے کے بولروں نے انوج راوت اور دنیش کارتک کو 95 رنزکی شراکت قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔ دیش پانڈے رنز دینے کا قصوروار تھا اور وہ تجربہ کار شاردول ٹھاکر کے ساتھ ایک اور معمولی کارکردگی سے ہوشیار رہے گا اور غیر معروف مکیش چودھری پلیئنگ الیون میں موقع کے لیے منتظر ہیں۔ سری لنکا کے فاسٹ بولر متھیشا پاتھیرانا کو بھی صحت یاب ہونے کے بعد کھیلنے کے لیے فٹ قرار دیا گیا ہے۔ ایک موقع ہے کہ راچن رویندرا کو اسپن بولرکے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، جو نیٹ میں اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔ فارم میں موجود رویندرا نے آر سی بی کے خلاف اپنے آئی پی ایل ڈیبیو میں 15 گیندوں پر37 رنز بنا کر متاثرکیا ۔ نوجوان سمیر رضوی جنہوں نے گزشتہ میچ میں ڈیبیوکیا تھا، بیٹنگ کے لیے نہیں آئے اور وہ یہ دکھانے کے لیے بے تاب ہوں گے کہ وہ کیا صلاحیت رکھتے ہیں۔ دھونی نے بنگلورو کے خلاف بیٹنگ نہیں کی اور ان کے پرستار ان کی طرف سے کچھ آتش بازی دیکھنے کے لیے بے چین ہوں گے۔ دوسری طرف، ٹائٹنز اپنے گھر میںممبئی انڈینز کے خلاف معمولی کارکردگی کے بعد بیٹنگ میں بہتر مظاہروں کی امید کرے گا۔ جی ٹی بلے باز اپنے آغازکو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے اور سابق چمپئنزکو دھماکہ خیز آغاز دینے کے لیے گل اور تجربہ کار وکٹ کیپر ریدھیمان ساہا کی ضرورت ہوگی۔ عظمت اللہ عمرزئی، ڈیوڈ ملر اور راہول تیوتیا جیسے مڈل آرڈر بیٹر کو بھی اپنے معیار کو بلند کرنا ہوگا۔