چنئی میں طوفان دِتواہ سے زندگی مفلوج

   

چنئی، یکم دسمبر (آئی اے این ایس) خلیج بنگال میں طوفان دِتواہ کے باقی ماندہ دباؤ کے باعث پیر کو چنئی میں موسلا دھار بارش نے شہر کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا۔ شدید بارش سے اہم سڑکیں زیرِ آب آ گئیں، درخت اکھڑ گئے، ٹریفک جام ہو گیا اور کئی رہائشی علاقوں میں پانی بھر گیا۔گرین ویز روڈ پر زوردار بارش اور تیز ہواؤں سے متعدد درخت گر گئے جن سے کم از کم تین گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ فائر اینڈ ریسکیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹایا جبکہ ٹریفک عارضی طور پر روک دی گئی۔گریٹر چنئی ٹریفک پولیس کے مطابق سب ویز، انڈر پاس اور اہم راستے چند گھنٹوں میں ڈوب گئے۔ شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ کسی بھی زیرِ آب راستے کو عبور نہ کریں۔جنوبی چنئی میں شولنگانالورمیڈاوکّمم روڈ مکمل طور پر بند رہی جبکہ شمالی علاقوں میں مانالی تھرووتّیور سڑک کمر تک پانی میں ڈوب گئی۔ مدھیا کَیلائش، نارتھ بوگ روڈ، تمبرم اور دیگر مضافاتی علاقوں میں بدترین ٹریفک جام دیکھا گیا۔امبٹور، آوڈی، ویرگمباکّمم، وڈاپالانی اور ایّاپّنتھنگل جیسے رہائشی علاقوں میں پانی کی مسلسل افزائش سے لوگ پریشان رہے اور ناقص ڈرینج سسٹم پر ناراضی کا اظہار کیا۔