چناؤ کمیشن کی ووٹ چوری میں بی جے پی کی مدد پر کھرگے کا سوال

   

نئی دہلی، 07 ستمبر (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے چناؤ کمیشن پر سنگین الزام لگایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چناؤ کمیشن کئی سال سے ووٹ چوری کی سازش میں بی جے پی کی مدد کر رہا ہے اور اب کمیشن کو واضح کرنا چاہیے کہ کیا وہ بی جے پی کا بیک آفس بن چکا ہے ۔ اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کھرگے نے سوال کیاکیا چناؤ کمیشن ووٹ چوری کے لیے بی جے پی کا بیک آفس بن چکا ہے ؟۔انہوں نے اس حوالے سے کچھ پرانے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2023 کے کرناٹک اسمبلی انتخابات سے قبل، کانگریس نے الند اسمبلی حلقے میں بڑے پیمانے پر ووٹر لسٹ سے رائے دہندگان کے نام ہٹائے جانے کا انکشاف کیا تھا۔ کھرگے کے مطابق، فارم 7 کے تحت دھوکہ سے ہزاروں ووٹروں کے نام ہٹائے گئے اور ان کے ووٹنگ کے جمہوری حق کو منظم طریقے سے چھینا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ 5,994 جعلی درخواستیں داخل کی گئی تھیں، جو ووٹ چوری کی ایک بڑی سازش کا ثبوت ہیں۔ بعد میں کانگریس حکومت نے سی آئی ڈی (سی آئی ڈی) کے ذریعے تفتیش کے احکامات دیے تاکہ قصورواروں کو پکڑا جا سکے ۔ کانگریس صدر نے الیکشن کمیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا‘‘مسئلہ یہ ہے کہ جہاں الیکشن کمیشن نے ابتدا میں کچھ دستاویزات فراہم کر کے جعل سازی کا انکشاف کیا، وہیں اب اس نے اہم معلومات کو چھپا لیا ہے اور ووٹ چوری کرنے والوں کو بچا رہا ہے ۔کمیشن نے اچانک اہم شواہد کیوں روک دیے ؟ یہ کس کو بچا رہا ہے ؟۔