چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میںسیول سرویس ڈے تقاریب

   

حیدرآباد۔/23اپریل، ( سیاست نیوز) ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں سیول سرویسیس ڈے تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ انڈین اسٹاٹسٹیکل سرویس ( آئی ایس ایس ) کے 86 اور انڈین اکنامکس سرویس ( آئی ای ایس ) کے 26 عہدیداروں نے جن کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے ہے اسپیشل فاؤنڈیشن کورس میں شرکت کررہے ہیں۔ سیول سرویس ڈے تقاریب کے موقع پر مختلف موضوعات پر لیکچرس کا اہتمام کیا گیا۔ 27 مختلف گروپس نے ملک کی معیشت کے مختلف پہلوؤں پر پالیسی پیپرس پیش کئے۔ پروفیسر امیتابھ کنڈو سابق ڈین فیکلٹی آف سوشیل سائینس جواہر لال نہرو یونیورسٹی نے انڈیا 2047 کے موضوع پر کلیدی خطبہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی ایشیائی اور خاص طور پر ہندوستان کی صدی ثابت ہوئی ہے جو باعث فخر ہے۔ انہوں نے سماج کے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں بالخصوص ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے نعرہ کے تحت یکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ بنہر مہیش یکا آئی اے ایس ڈائرکٹر جنرل ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور پرنسپل سکریٹری حکومت تلنگانہ نے اپنے خطاب میں سیول سرونٹس کے پہلے بیاچ سے 1947 میں سردار پٹیل کے خطاب کی یاد تازہ کی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ سیول سرویس ہندوستان کا اسٹیل فریم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے بارے میں پیش کردہ بہترین پیپرس کو حکومت ہند کے ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ سے رجوع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر آر مادھوی کورس ڈائرکٹر نے خیرمقدم کیا جبکہ شریمتی انمول واریج نے شکریہ ادا کیا۔ر