چندا نگر میں خوفناک سڑک حادثہ ، نوجوان پولیس ملازم ہلاک

   

محکمہ پولیس میں سنسنی ، کمشنر سائبرآباد سے میت منتقلی کے انتظامات
حیدرآباد /30 جنوری ( سیاست نیوز ) سائبرآباد کے علاقہ چندا نگر میں پیش آئے خوفناک سڑک حادثہ میں ایک نوجوان پولیس ملازم ہلاک ہوگیا ۔ شیخ مفید جن کی عمر تقریباً 28 سال بتائی گئی ہے ۔ آج ڈیوٹی پر جارہے تھے ایک تیز رفتار آر ٹی سی بس نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر دے دی جس کے سبب مفید برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ مفید کی سڑک حادثہ میں ہلاکت کی اطلاع سے پولیس محکمہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ مفید انٹلی جنس شعبہ سے وابستہ تھے جو اسسٹنٹ انالیٹیکل آفیسر کے عہدے پر فائز تھے ۔ شیخ مفید روزانہ کے معمول کی طرح اپنی موٹر سائیکل پر سائبرآباد کمشنریٹ جارہے تھے کہ ایک تیز رفتار آر ٹی سی نے ٹکر دے دی ۔ مفید کا تعلق نوراللہ پور مرپلی سے بتایا گیا ہے ۔ ان کی شادی کو ابھی ایک سال کا عرصہ بھی نہیں گذرا تھا ۔ مفید کی سڑک حادثہ میں ہلاکت کے واقع سے نوراللہ پور میں غم و اندواہ کی لہر دوڑ گئی ۔ شیخ مفید کے والد مقامی مسجد کے صدر بتائے گئے ہیں ۔ ان کی اہلیہ بھی سرکاری ملازمہ ہیں جو جوڈیشیل ڈپارٹمنٹ میں برسر خدمت ہیں۔ مفید وقارآباد میں اپنی بیوی کے ساتھ رہتے تھے ۔ جو وقارآباد سے لنگم پلی تک بذریعہ ٹرین سفر کرنے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر لنگم پلی سے سائبرآباد پہونچتے تھے ۔ مفید کی ہلاکت کی اطلاع پر سائبرآباد کمشنر اسٹیفن رویندرا نے ان کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کی اور فوراً احکامات جاری کرتے ہوئے ایک ایمبولنس کا انتظار کیا اور دو انسپکٹران پولیس اسپیشل برانچ بالانگر وحید الدین اور مادھاپور انسپکٹر لکشمی نارائنا کو مفید کی میت کے ساتھ ان کے آبائی مقام روانہ کیا ۔ کمشنر پولیس نے دو گاڑیوں کا بھی انتظام کرتے ہوئے مفید کے افراد خاندان کو ان کے آبائی مقام منتقل کروایا ۔ چندا نگر پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع