حیدرآباد۔23۔اگسٹ(سیاست نیوز) شہر میں حالات کی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چندرائن گٹہ فلائی اوور کی افتتاحی تقریب ملتوی کردی اور اب یہ تقریب 27اگسٹ کو ہوگی۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ‘ محمد محمود علی ‘ ٹی سرینواس یادو ‘ مئیر جی ایچ ایم سی وجئے لکشمی کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ‘ بیرسٹر اسدالدین اویسی ‘ رکن اسمبلی چندرائن گٹہ اکبرالدین اویسی کے علاوہ ارکان قانون ساز کونسل سید امین الحسن جعفری ‘ سید ریاض الحسن آفندی اور دیگر شرکت کرنے والے تھے۔ لمحۂ آخر میں شہر کے حالات کو دیکھتے ہوئے پروگرام کو ملتوی کردیا گیا۔ بتایاجاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے افتتاحی تقریب کے دوران کسی بھی طرح کے امکانی احتجاج کو روکنے کے لئے اس تقریب کو ملتوی کردیا کیونکہ صبح تک بھی شہر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں گستاخ رسولؐ کے خلاف شکایات کے اندراج کا سلسلہ جاری تھا اور عوامی برہمی کا مختلف مقامات پر اظہار کیا جا رہا تھا۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ فلائی اوور کی ملتوی کی گئی افتتاحی تقریب 27 اگسٹ کو منعقد کی جائے گی اور اس کے بعد ہی فلائی اوور کے عوامی استعمال کی اجازت ہوگی۔م