چندرائن گٹہ میں المناک سڑک حادثہ

   

انٹرمیڈیٹ کی طالبہ ہلاک ، آر ٹی سی بس ڈرائیور کے خلاف مقدمہ
حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) چندرائن گٹہ علاقہ میں پیش آئے ایک المناک حادثہ میں انٹرمیڈیٹ طالبہ آر ٹی سی بس کی ٹکر سے ہلاک ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 18 سالہ امۃ الرحمن منزہ ساکن عمر کالونی بابا نگر جو قلم جونئیر کالج کی طالبہ تھی کالج کیلئے پیدل جارہی تھی کہ چندائن گٹہ مین روڈ پر تیز رفتار آر ٹی سی بس نے اسے روند دیا ۔ پولیس چندرائن گٹہ نے سی سی ٹی وی کیمرے کا فوٹیج حاصل کیا جس میں یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ آر ٹی سی بس ڈرائیور نے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے لڑکی کو ٹکر دی ہے جبکہ اسی روڈ پر واقع ایک ہوٹل جس کا تعمیری کام چل رہا ہے کی تعمیری اشیاء سڑک پر لاپرواہی سے پھینک دیا گیا تھا جس کے نتیجہ میں راستہ تنگ ہوگیا تھا ۔ پولیس چندرائن گٹہ نے اس سلسلے میں آر ٹی سی بس ڈرائیور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا ۔