چندرائن گٹہ میں دن دھاڑے تاجر کا قتل

   

جان کو خطرہ کی پولیس میں شکایت کے باوجود واردات
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر میں قتل کے واقعات عام ہوتے جارہے ہیں اور چھوٹے چھوٹے مسئلے سنگین تنازعات کی شکل اختیار کررہے ہیں۔ حالانکہ پولیس لاء اینڈ آرڈر کو قابو میں رکھنے کا دعویٰ کررہی ہے لیکن سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے والے افراد کے ارادوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کا جرائم پیشہ افراد پر کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ پرانے شہر کے علاقہ چندرائن گٹہ میں آج دن دھاڑے ایک تاجر حامد بن الزبیدی کا قتل کردیا گیا ۔ یہ واردات پولیس اسٹیشن سے کچھ ہی دوری پر پیش آئی۔سمجھا جاتا ہے کہ سونے کی اسمگلنگ کے کیس کے تنازعہ کے سلسلہ میں یہ قتل ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 45 سالہ حامد بن الزبیدی ساکن صلالہ بارکس ویسٹرن یونین منی ٹرانسفر کا کاروبار کرتا تھا اور اس کا تنازعہ رئیس جابری سے چل رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ رئیس جابری کو سال 2019 میں کسٹمس عہدیداروں نے شمس آباد انٹر نیشنل ایر پورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا اور اس کا پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا گیا تھا۔ رئیس جابری مقتول حامد زبیدی کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کیس سے متعلق اخراجات ادا کرنے اور پاسپورٹ بھی واپس دلانے کیلئے مسلسل دباؤ ڈال رہا تھا۔ حامد زبیدی نے کسٹمس کے کیس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اخراجات دینے سے انکار کردیا جس پر رئیس جابری اور اس کے تینوں بھائی عادل جابری، سعید جابری اور سعد جابری نے اس سے انتقام لینے کا ارادہ کرلیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چہارشنبہ کی دوپہر جابری برادران نے حامد زبیدی کے مکان پہنچ کر کیس سے متعلق مسئلہ پر جھگڑا کیا اور بعد ازاں اسے جان سے ماردینے کی دھمکی دی۔ جس پر حامد زبیدی نے فوری چندرائن گٹہ پولیس میں ایک شکایت درج کرائی۔ لیکن پولیس مستعدی کا مظاہرہ کرنے سے قاصر رہی جس کے نتیجہ میں تاجر کا قتل کردیا گیا۔ رئیس جابری اور اس کے تینوں بھائیوں نے مبینہ طور پر حامد زبیدی کو ہاشم آباد میں مدینہ سپلائنگ کمپنی کے قریب مہلک ہتھیاروں سے وار کرتے ہوئے قتل کردیا۔ وہاں سے گذرنے والے افراد نے اس قتل واقعہ کی ویڈیو گرافی کی جو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ حملہ میں تاجر برسر موقع ہلاک ہوگیا اور پولیس نے نعش کو دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس سلسلہ میں قتل کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔ب

چندرائن گٹہ پولیس سب انسپکٹر معطل
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر ایس وینکٹیش کو لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے کے الزام میںمعطل کردیا۔بتایا جاتا ہے کہ قتل کی واردات سے قبل حامد زبیدی نے مذکورہ سب انسپکٹر سے ایک تحریری شکایت درج کراتے ہوئے رئیس جابری اور اس کے بھائیوں کی جانب سے اس کے مکان پر کی گئی ہنگامہ آرائی اور قتل کی دھمکی سے واقف کرایا تھا لیکن سب انسپکٹر وینکٹیش مبینہ طور پر اس سلسلہ میں کارروائی کرنے میں ناکام رہے۔ جس پر پولیس کمشنر نے سخت کارروائی کی۔ب