بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی شرکت ، مفت ادویات کی تقسیم اور طبی معائنے
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ایک ایسے وقت جب کہ مہنگائی اپنے نقطہ عروج پر پہنچ چکی ہے ادویات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ۔ ساتھ ہی صحت عامہ کی صورتحال بھی ٹھیک نہیں اگر کوئی ادارہ عوام کے لیے مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کرتا ہے ان میں ادویات کی تقسیم عمل میں لاتا ہے اور ان کے طبی معائنے بھی مفت کرتا ہے تو یہ ایک بہت بڑی بات ہے ۔ اسے ہم انسانیت کی بہترین مثال کہہ سکتے ہیں اور خاص طور پر اسے ہم حیدرآبادی گنگا جمنی تہذیب کی خوبصورتی بھی قرار دے سکتے ہیں ۔ اس لیے کہ ملک کی 75 ویں جشن آزادی کی مسرت میں فیض عام ٹرسٹ نے بی بی آمنہ ہاسپٹل چندرائن گٹہ کے تعاون و اشتراک سے ایکناتھ مندر چندرائن گٹہ کے احاطہ میں مفت میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا ۔ تنظیم فیض عام / بی بی آمنہ ہاسپٹل ، مقام ایک مندر کا احاطہ اس پر ایک اور اہم بات یہ کہ اس کیمپ کا افتتاح شریمتی شکنتلا دیوی سکسینہ اور شریمتی پربیلا دیوی کارونکر نے انجام دیا ۔ ایکناتھ مندر کمیٹی کے ارکان کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی ۔ ایکناتھ مندر کے منتظمین ایک مسلم تنظیم کے اس کار خیر سے اس قدر متاثر ہوئے کہ رضاکارانہ طور پر انتظامات میں حصہ لیا ۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد مفت میڈیکل و ہیلتھ کیمپ سے بلالحاظ مذہب و ملت زائد 300 مرد و خواتین نے استفادہ کیا ۔ جن میں 35 ہزار روپئے کی ادویات مفت تقسیم کی گئیں اور مختلف اہم طبی معائنے بھی کئے گئے ۔ اس کیمپ کی ایک اور اہم بات یہ رہی کہ 8 ڈاکٹروں نے ڈائرکٹر بی بی آمنہ ہاسپٹل ڈاکٹر مخدوم محی الدین کی قیادت میں مریضوں کا معائنہ کیا ۔ ان میں 5 ڈاکٹرس ایسے تھے جن کے تعلیمی سفر کو آگے بڑھانے میں فیض عام ٹرسٹ نے بھر پور مدد کی تھی ۔ ان میں ڈاکٹر عائشہ جبین نمایاں ہیں جب کہ ثانیہ صدیقہ ، سمرین باکسر ، تسلیم بیگم فیض عام اسٹارس نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین ، ٹرسٹی جناب سید رضوان حیدر ، جناب سید حیدر علی رکن مجلس عاملہ ، جناب حسین خان باتی ، نواب مصطفی علی خاں ، نواب عباس علی خاں ، جناب فیروز حسین کانچ والا ، جناب صابر حسین کانچ والا ، سلمان طیبی پارٹنر شبیر میڈیکل ہال اور فیض عام ٹرسٹ کے ارکان عملہ بھی موجود تھے ۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس علاقہ میں ڈاکٹر مخدوم محی الدین سے عوام کی محبت قابل رشک ہے ۔ جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ مریضوں کا کس طرح خیال رکھتے ہیں ۔ میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں مدد کرنے والے ایکناتھ مندر کمیٹی کے ارکان اور مسٹر سرینواس پرمود بھائی ، نتیش سکسینہ اور ڈاکٹرس کے ساتھ ساتھ فیض عام ٹرسٹ سے استفادہ کرتے ہوئے ایم ایل ٹی کورس کرنے والے طلبہ کا بھی انہوں نے شکریہ ادا کیا ۔ جناب افتخار حسین نے کہا کہ جس طرح ہم نے انگریزوں کی غلامی سے آزادی حاصل کی اسی طرح ہمیں بیماریوں ، بھوک و افلاس ، غربت ، فرقہ پرستی سے بھی آزادی حاصل کرنی چاہئے ۔۔