چندرائن گٹہ میں کانسٹبل پر مبینہ قاتلانہ حملہ ، دو گرفتار

   

حیدرآباد۔8۔ اپریل (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس کانسٹبل پر مبینہ قاتلانہ حملہ میں ملوث دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس پولیس کے بموجب 22 سالہ شیخ محمد امیر الدین عرف ابو ساکن حافظ بابا نگر اور اس کے ساتھی 24 سالہ شیخ سیف محی الدین ساکن گلشن اقبال کالونی نے 4 اپریل کو ایک پولیس کانسٹبل پی پراوین کمار پر حملہ کیا تھا۔ پولیس نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ کووڈ۔19 وباء کے پیش نظر لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی جانب سے خواتین کے کھاتوں میں جمع کئے جانے والی رقم کے حصول کیلئے امیرالدین اپنے مکان کی خواتین کے ساتھ اسٹیٹ بینک آف انڈیا سرویس پوائنٹ واقع عمر ہوٹل کے قریب پہنچا تھا جہاں پر 200 افراد سے زیادہ عوام کی بھیڑ جمع ہوگئی تھی۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کانسٹبل پراوین کمار نے اس بھیڑ کو یہ ہدایت دی کہ وہ سماجی فاصلہ رکھیں اور قطار میں کھڑے رہیں۔ امیر الدین کے خلاف کانسٹبل پراوین کمار نے سختی برتی تھی اور اس نے انتقام لینے کا فیصلہ کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ امیر الدین نے اپنے ساتھی شیخ سیف محی الدین کی مدد سے کانسٹبل پر حملہ کیا۔ پولیس نے گرفتار نوجوانوں کے خلاف اقدام قتل اور ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا۔ نوجوانوں کے افراد خاندان نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ پولیس کانسٹبل خواتین سے بدسلوکی کے ساتھ پیش آرہا تھا ، جس کے نتیجہ میں نوجوانوں نے اس سے جھگڑا کیا۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے نافذ لاک ڈاؤن کے درمیان بالخصوص طبی عملہ، سیکورٹی اسٹاف اور پولیس اہلکاروں سے بدسلوکی یا حملوں کے واقعات کو سختی سے نمٹا جارہا ہے۔