چندرابابو نائیڈو کا 4 جولائی کو دورۂ دہلی، نریندر مودی، نرملا سیتارامن سے ملاقات

   

مرکزی بجٹ میں ریاست کیلئے فنڈس کی نمائندگی، چیف منسٹر اے پی کے دورہ پر نتیش کمار اور اپوزیشن کی نظریں
حیدرآباد ۔ یکم جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو 4 جولائی کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔ مرکز میں این ڈی اے حکومت کی تشکیل کے بعد آندھراپردیش کے زیرالتواء مسائل کی یکسوئی کیلئے یہ پہلا دورہ ہے۔ چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد چندرابابو نائیڈو پہلی مرتبہ نئی دہلی روانہ ہوں گے جہاں وہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کرکے آندھراپردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے اور ترقیاتی فنڈس جاری کرنے کیلئے نمائندگی کریں گے۔ چندرابابو نائیڈو نے اسپیکر کے عہدہ پر الیکشن کے وقت واضح کردیا تھا کہ اُن کی ترجیح اسپیکر کے عہدہ سے زیادہ آندھراپردیش کیلئے فنڈس کا حصول ہے۔ چندرابابو نائیڈو مرکزی بجٹ میں آندھراپردیش کیلئے ترقیاتی فنڈس کو یقینی بنانا چاہتے ہیں اور اُسی بنیاد پر آندھراپردیش کا ریاستی بجٹ پیش کیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چندرابابو نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی اور نرملا سیتارامن کو پیش کئے جانے والے مسائل کی فہرست تیار کرلی ہے۔ وہ وزیراعظم کو تفصیلی یادداشت پیش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق بہار کی طرح نائیڈو آندھراپردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے کی مانگ کریں گے جس کا وعدہ 2014 ء میں ریاست کی تقسیم کے وقت آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں کیا گیا تھا۔ تنظیم جدید قانون میں آندھراپردیش سے جو وعدے کئے گئے اُن کی تکمیل کا نریندر مودی حکومت نے وعدہ کیا تھا لیکن گزشتہ 10 برسوں میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ اب جبکہ چندرابابو نائیڈو این ڈی اے میں شامل ہیں اور مرکزی حکومت کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ہے، اُنھیں اُمید ہے کہ مرکزی حکومت اُن کے مطالبات کو قبول کرے گی۔ چندرابابو نائیڈو نے نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی کابینہ میں محض 2 ارکان کی شمولیت کے باوجود چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے زائد نمائندگی پر اصرار نہیں کیا تھا۔ چندرابابو نائیڈو کا مجوزہ دورہ قومی اور ریاستی سیاست میں بحث کا موضوع بن چکا ہے۔ سیاسی مبصرین اور اپوزیشن پارٹیوں کی چندرابابو نائیڈو کے دورہ پر نظر ہے۔ مرکز کی جانب سے آندھراپردیش کے حق میں جو بھی اعلانات کئے جائیں گے، اُسی بنیاد پر بہار کے لئے چیف منسٹر نتیش کمار بھی مطالبات رکھ سکتے ہیں۔ موجودہ صورتحال میں دونوں حلیف پارٹیوں کے مطالبات کی یکسوئی کرنا مودی حکومت کے لئے چیلنج بن چکا ہے۔ تلگودیشم کے قریبی ذرائع کے مطابق چندرابابو نائیڈو وزیراعظم نریندر مودی پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ریاست سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے بعد ہی وہ ریاستی بجٹ تیار کریں گے۔ 1