پارٹی ہیڈکوارٹر پر ’سی ایم۔سی ایم‘کے نعرے، لوکیش اور بھونیشوری کا ایرپورٹ پر استقبال
حیدرآباد 3 جون (سیاست نیوز) آندھراپردیش میں لوک سبھا اور قانون ساز اسمبلی کے چناؤ کی رائے شماری سے عین قبل تلگودیشم اور اُس کی حلیف پارٹیوں میں غیرمعمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ صدر تلگودیشم این چندرابابو نائیڈو نے آج امراوتی میں پارٹی ہیڈکوارٹر پہونچ کر سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ چندرابابو نائیڈو کے پارٹی آفس پہونچتے ہی سینکڑوں کی تعداد میں حامیوں اور کارکنوں نے ’’سی ایم، سی ایم‘‘ کے نعروں کی گونج میں اُن کا استقبال کیا۔ آندھراپردیش میں بی جے پی، تلگودیشم اور جنا سینا نے متحدہ طور پر مقابلہ کیا۔ بیشتر میڈیا اداروں کے ایگزٹ پول میں تلگودیشم کی اقتدار میں واپسی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے اسمبلی اور لوک سبھا کے تمام امیدواروں سے ربط قائم کرتے ہوئے رائے شماری کے موقع پر چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ ایگزٹ پول کی اجرائی کے بعد تلگودیشم کے ہیڈکوارٹر میں کارکنوں اور حامیوں کا تانتا بندھ چکا ہے۔ اِسی دوران جنرل سکریٹری تلگودیشم نارا لوکیش اپنی والدہ بھونیشوری کے ہمراہ آج امراوتی پہونچے۔ گناورم ایرپورٹ پر پارٹی قائدین اور کارکنوں نے اُن کا شاندار استقبال کیا۔ ایگزٹ پول نتائج کے پس منظر میں نارا لوکیش سے ملاقات کرنے کے لئے پارٹی کے کئی قائدین ایرپورٹ پہونچے تھے۔ نارا لوکیش نے استقبال کے لئے موجود حامیوں سے ملاقات کی اور اُن کے ساتھ سیلفی کھنچوائی۔ واضح رہے کہ رائے دہی کے اختتام کے بعد چندرابابو نائیڈو اور نارا لوکیش بیرونی دورے پر روانہ ہوئے تھے۔ 1