چندرابابو نائیڈو کی امیت شاہ اور نرملا سیتارامن سے ملاقات

   

امراوتی کے بارے میں پارلیمنٹ میں بل کی پیشکشی، ریلوے اور زرعی شعبہ کے مسائل پر مرکزی وزراء سے نمائندگی
حیدرآباد 10 فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے آج نئی دہلی میں مختلف مرکزی وزراء سے ملاقات کی اور آندھراپردیش کے لئے پراجکٹس کی منظوری اور فنڈس کی اجرائی کے لئے نمائندگی کی۔ چندرابابو نائیڈو نے مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان، وزیر ریلویز اشونی ویشنو، مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر جل شکتی سی آر پاٹل سے ملاقات کی۔ چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کو قانونی حیثیت دینے کے مسئلہ پر امیت شاہ سے تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی حکومت اِس سلسلہ میں پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے مجوزہ بل کے نکات پر امیت شاہ سے تبادلہ خیال کیا۔ اُنھوں نے امیت شاہ سے درخواست کی کہ بجٹ سیشن کے دوسرے مرحلہ میں امراوتی بل پیش کیا جائے۔ اُنھوں نے آندھراپردیش کو درپیش مسائل پر امیت شاہ سے نمائندگی کی۔ چندرابابو نائیڈو نے وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے ملاقات کرتے ہوئے مرکزی بجٹ میں اعلان کردہ فنڈس کی اجرائی اور پراجکٹس کی منظوری کی درخواست کی۔ چندرابابو نائیڈو نے وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان سے آندھراپردیش میں ہارٹیکلچر سرگرمیوں کے فروغ پر زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ آندھراپردیش ہارٹیکلچر سرگرمیوں کا مرکز بن سکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ زرعی سرگرمیوں میں کیمیاوی کھاد کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے فصلوں کو بہتر بنایا گیا ہے۔ اُنھوں نے زرعی شعبہ کے لئے زیرالتواء 695 کروڑ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ وزیر ریلویز اشونی ویشنو سے ملاقات کے دوران چندرابابو نائیڈو نے بنگلور تا چینائی ہائی اسپیڈ ریلوے کوریڈار کو تروپتی سے مربوط کرنے کی درخواست کی۔ اُنھوں نے آندھراپردیش سے گزرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ریل کوریڈار پر مرکز سے اظہار تشکر کیا۔ چندرابابو نائیڈو نے ریلوے کے مختلف پراجکٹس، نئی ریلوے لائنوں اور ریلوے انفراسٹرکچر کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ چندرابابو نائیڈو نے ساؤتھ کوسٹل ریلوے زون کی کارکردگی کے آغاز کے لئے یکم اپریل کو گزٹ نوٹیفکیشن کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ اشونی ویشنو نے آندھراپردیش کے ریلوے پراجکٹس کی منظوری کا یقین دلایا۔1