چندرابابو نائیڈو کی حلف برداری میں نتیش کمار کی عدم شرکت سے تنازعہ

   

این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں : کانگریس۔ قلمدانوں کی تقسیم میں بہار کو نظرانداز کرنے کی شکایت
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) مرکز میں نریندر مودی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی تشکیل کو ایک ہفتہ مکمل ہوا لیکن اتحادی پارٹیوں کے درمیان اختلافات منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ مرکزی کابینہ کی حلف برداری کے بعد آندھراپردیش میں چندرابابو نائیڈو کابینہ کی حلف برداری تھی۔ این ڈی اے میں تلگودیشم کے بعد جنتادل (یونائیٹیڈ) دوسری بڑی حلیف پارٹی کا موقف رکھتی ہے لیکن بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے چندرابابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کی جس پر میڈیا میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ اپوزیشن نے نتیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ بی جے پی نے اُن کا دفاع کرکے خرابیٔ صحت کا بہانہ بنایا ہے۔ چندرابابو نائیڈو کی حلف برداری تقریب میں وزیراعظم مودی، وزیرداخلہ امیت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا، مرکزی وزیر نتن گڈکری، چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے اور کئی قومی قائدین نے شرکت کی۔ جبکہ نتیش کمار کی عدم موجودگی کو بطور خاص نوٹ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز میں این ڈی اے حکومت کی تشکیل کی مشاورت میں نتیش کمار نے چندرابابو نائیڈو سے تعاون کیا تھا لیکن حلف برداری کے موقع پر پٹنہ میں موجود رہتے ہوئے اُنھوں نے تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزارت میں محض 2 وزراء کی نمائندگی سے نتیش کمار خوش نہیں ہیں، وہ اِس ناانصافی کیلئے بی جے پی کے ساتھ چندرابابو نائیڈو کو بھی ذمہ دار مانتے ہیں۔ سیاسی مبصرین نے نتیش کمار کی غیر حاضری کو حلیف پارٹیوں میں اختلاف رائے سے تعبیر کیا ہے۔ آر جے ڈی ترجمان اعجاز احمد نے کہاکہ نتیش کمار کی عدم شرکت کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ این ڈی اے میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تیجسوی یادو نے لوک سبھا نتائج سے قبل ہی این ڈی اے میں پھوٹ کی پیش قیاسی کی تھی۔ کانگریس ترجمان گیان رنجن نے نتیش کمار کی غیر حاضری کو مرکزی کابینہ میں شمولیت و قلمدانوں پر اظہار ناراضگی سے تعبیر کیا۔ گیان رنجن نے کہاکہ قلمدانوں کے معاملہ میں جس طرح بہار کو نظرانداز کیا گیا، اب ساری نظریں نتیش کمار پر ٹکی ہیں۔ ہم جانتے تھے کہ یہی کچھ ہونے والا ہے لیکن بہت جلد اختلافات منظر عام پر آرہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ این ڈی اے اتحاد دیرپا ثابت نہیں ہوگا۔ اپوزیشن کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے بی جے پی کے قومی ترجمان گرو پرکاش نے کہاکہ این ڈی اے میں کوئی اختلافات نہیں ہیں اور نتیش کمار کی غیر حاضری دیگر مصروفیات کا نتیجہ ہے۔ بعض گوشوں نے نتیش کمار کی غیر حاضری کو خرابیٔ صحت کا نتیجہ قرار دیا۔ 1