زیرالتواء پراجکٹس اور دارالحکومت کی ترقی میں تعاون کی اپیل
حیدرآباد 5 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرابابو نائیڈو نے دورۂ دہلی کے دوسرے دن آج مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست کو درپیش مسائل پر نمائندگی کی۔ چندرابابو نائیڈو نے نرملا سیتارامن سے درخواست کی کہ آندھراپردیش کی ترقی میں مرکزی فنڈس کی فراخدلانہ اجرائی کے ذریعہ تعاون کریں۔ اُنھوں نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ سابق وائی ایس جگن موہن ریڈی حکومت کی بدانتظامی کے نتیجہ میں آندھراپردیش معاشی بدحالی کا شکار ہوچکا ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے آندھراپردیش کی موجودہ معاشی صورتحال اور مرکز سے مختلف پراجکٹس میں تعاون پر مبنی تفصیلی یادداشت حوالے کی۔ چندرابابو نائیڈو کی نرملا سیتارامن سے تقریباً ایک گھنٹہ طویل ملاقات میں پولاورم اور دیگر پراجکٹس کی تکمیل کا مسئلہ بھی زیربحث رہا۔ اُنھوں نے امراوتی دارالحکومت کی ترقی میں مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ گزشتہ 5 برسوں میں ریاست کی معاشی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے چندرابابو نائیڈو نے بتایا کہ 2023-24 ء میں ریاست کے قرض کے تحت جی ڈی پی کی شرح 33.32 فیصد ہوچکی ہے۔ جبکہ 2019-20 ء میں یہ شرح 31.02 فیصد تھی۔ اُنھوں نے ریاست کی تقسیم کے وقت آندھراپردیش کے ساتھ کئے گئے وعدوں کا حوالہ دیا اور کہاکہ گزشتہ 10 برسوں میں تنظیم جدید قانون کے وعدوں کے مطابق فنڈس جاری نہیں کئے گئے۔ چندرابابو نائیڈو کے ہمراہ مرکزی وزراء رام موہن نائیڈو، پی چندرشیکھر کے علاوہ تلگودیشم ارکان پارلیمنٹ موجود تھے۔ چندرابابو نائیڈو نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سے ملاقات کے دوران ریاست کو محکمہ دفاع سے درکار فنڈس اور اراضی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چندرابابو نائیڈو نے مرکزی وزیر رام داس اٹھوالے سے ملاقات کی۔ وہ نئی دہلی میں صنعتی اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 1