چندرابابو کا آج دورہ دہلی‘ مخالف بی جے پی محاذ پر سرگرمی

,

   

حیدرآباد،31جنوری ( یواین آئی ) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو یکم فروری کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے ۔ کل پارلیمنٹ میں مودی حکومت کے بجٹ سشن کے پیش نظر ان کے دورہ کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔دہلی میں چندرابابونائیڈو دیگر سیاسی جماعتوں سے توجہ حاصل کرنے یہ دورہ کررہے ہیں۔ نائیڈو نے حال میں مخالف بی جے پی جماعتوں کو متحد کرکے ایک پلیٹ فارم پر لانے اپنی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ تلگودیشم ذرائع کے مطابق نائیڈو دورہ کے دوران ای وی ایمس مسائل پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ وہ مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے ملاقات بھی کرینگے ۔ ای وی ایمس کی کارکردگی پر حال میں بعض جماعتوں نے الٹ پھیر کے شبہات ظاہر کئے تھے ۔ کولکتہ میں حال میں منعقدہ جلسہ میں سرکردہ لیڈروں نے ای وی ایمس کے استعمال پر روک لگانے کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے بجائے بیلٹ سسٹم شروع کیا جائے تاہم الیکشن کمیشن نے وضاحت کی تھی کہ پیپر بیلٹ کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ نائیڈو کا مطالبہ ہے کہ ای وی ایمس کے ووٹوں کے ساتھ وی وی پیاٹس کی سلپس کی گنتی کی جائے ۔ اس مسئلہ پر دباو ڈالنے مختلف جماعتوںکے لیڈروں پر مشتمل وفد الیکشن کمیشن سے ملاقات کریگا۔ نائیڈو توقع ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں سے مخالف بی جے پی محاذ کی تشکیل کے مسئلہ پر بھی تبادلہ خیال کا امکان ہے ۔