حیدرآباد۔ 12فروری (یو این آئی) آندھراپردیش کے اپوزیشن لیڈر این چندرا بابو نائیڈو عوامی مسائل پر پرجا چیتنیہ یاترا کا آغاز کریں گے ۔ اس یاترا کاآغاز 17 فروری سے ہوگا جس میں ریاست کے 175 حلقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ چندرا بابو نائیڈو کی یہ بس یاترا 45 دنوں تک جاری رہے گی۔ یاترا کے موقع پر حکومت کی ناکامی کی تفصیلات کے بشمول سرمایہ کاری کے حصول میں ناکامی، ریاست کو تین دارالحکومتوں کی تجویز، فلاحی اسکیمات اور دیگر امور کے سلسلہ میں حکومت کے رویہ اور ناکامی کو اجاگر کیا جائے گا۔ تلگودیشم کے ارکان اسمبلی، حلقوں کے انچارجس کی نگرانی میں یہ یاترا منعقد کی جائے گی۔ چندرا بابو نائیڈو یہ یاترا کس مقام سے شروع کریں گے ، اس پر ہنوز کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے ۔ آئندہ دو تا تین دنوں کے دوران اس یاترا کے روٹ میپ کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد پہلی مرتبہ وہ عوامی مسائل پر یاترا کررہے ہیں۔