چندرابابو گھر پر محروس، آتماکور احتجاج کیخلاف پولیس کارروائی

   

Ferty9 Clinic

صدر تلگودیشم کی اے پی حکومت پر سخت تنقید، غذا کی منتقلی میں رکاوٹ پر ردعمل
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) قومی تلگودیشم پارٹی کے ’’چلوآتماکور‘‘ منظم کردہ پروگرام کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ کے پاس پولیس نے کئی ایک بڑے پیمانے پر تحدیدات عائد کئے انہیں گھر سے باہر نکلنے سے روکنے کیلئے ان کی قیامگاہ کے گیٹ کو قفل ڈالدیا گیا اور گیٹ کے ’’باب الداخلہ‘‘ کو بڑی بڑی رسیوں سے بھی کس دیا گیا اور باہر سے بھی کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے اور مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے گھر میں موجود تلگودیشم قائدین کیلئے غذا، پانی دینے کی کوشش کو بھی پولیس عہدیدار ناکام بناتے ہوئے غذائی پیاکٹس کو فراہم کرنے میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں جبکہ ارکان اسمبلی، سابق وزراء وہیں پر مسٹرچندرابابو نائیڈو کی قیامگاہ میں ہی موجود ہیں۔ غذا فراہمی سے پولیس عہدیداروں کی جانب سے رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہے جبکہ پولیس عہدیدار عمداً تلگودیشم پارٹی قائدین کی اپیل کو نظرانداز کررہے ہیں یہاں تک کہ پولیس عہدیداروں نے اتنی ظلم و زیادتی کی ہیکہ مسٹر چندرا بابو نائیڈو کے گھر میں کام کرنے والے تمام ورکروں کو بھی زبردستی ڈرا دھمکا کر گھر سے بھگا دیا۔ تلگودیشم قائدین نے پولیس عہدیداروں کے ان اقدامات کو غیرانسانی و غیرجمہوری اقدامات سے تعبیر کرتے ہوئے پولیس کی زیادتیوں کی ایک یادگار مثال ہے۔ قومی صدر تلگودیشم نے اپنی قیامگاہ کو پولیس عہدیداروں کی جانب سے قفل ڈالنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ اس طرح کے اقدامات کے خلاف مسٹر وائی ایس جگن موہن کی زیرقیادت حکومت کو سخت انتباہ دیا۔ صدر تلگودیشم نے سخت الفاظ میں کہا کہ عوامی جمہوریت میں آج کا دن ریاست آندھراپردیش کیلئے تاریک دن ثابت ہوا ہے۔