حیدرآباد۔17 ۔ستمبر (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر اور تلگو دیشم کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ پر امراوتی میں آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائدین نے حملہ کردیا۔ وائی ایس آر کانگریس کے قائدین اور کارکن پارٹی پرچم اور لاٹھیوں کے ساتھ چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ پہنچ کر احتجاج کرنے لگے ۔ رکن اسمبلی جوگی رمیش احتجاجیوں کے ساتھ موجود تھے۔ اس موقع پر تلگو دیشم اور وائی ا یس آر کانگریس کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ۔ صورتحال کشیدہ ہوگئی جس پر پولیس کی بھاری جمیعت طلب کرلی گئی۔ پارٹی صدر کی قیامگاہ پر حملہ کی اطلاع ملتے ہی تلگو دیشم قائدین اور کارکن کثیر تعداد میں پہنچ گئے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر آینا پتروڈو کے مخالف وائی ایس آر کانگریس ریمارکس کے خلاف یہ احتجاج منظم کیا گیا ۔ تلگو دیشم قائد کے شیوا پرساد کے تعزیتی جلسہ میں آینا پتروڈو نے جو تقریر کی تھی ، اس پر ہنگامہ کھڑا ہوچکا ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے چندرا بابو نائیڈو سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق وائی ایس آر کانگریس کے کارکنوں نے نائیڈو کی قیامگاہ پر سنگباری کی ۔ دونوں پارٹیوں کے قائدین کی جھڑپ میں تلگو دیشم قائد بی وینکنا زخمی ہوگیا۔ تلگو دیشم قائدین نے ڈائرکٹر جنرل پولیس پر حملہ آوروں کی مدد کا الزام عائد کیا ہے ۔ R