رنگ روڈ مقدمہ میں نام شامل، گرفتاری کا اندیشہ
حیدرآباد۔/26ستمبر، ( سیاست نیوز) چندرا بابو نائیڈو کی مصیبتوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ امراوتی اِنر رنگ روڈ کیس میں سی آئی ڈی نے ان کے فرزند اور تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کے نام کو شامل کیا ہے اور اے سی بی کی خصوصی عدالت میں میمو داخل کیا ہے۔ سی آئی ڈی کو نام کی شمولیت کے سلسلہ میں نارا لوکیش کے خلاف تمام ثبوت اور نام کی شمولیت کی وجوہات سے عدالت کو واقف کرانا ہوگا۔ سابق میں اسی مقدمہ میں چندرا بابو نائیڈو اور سابق وزیر نارائنا کا نام شامل کیا گیا۔ نارائنا ضمانت قبل از وقت گرفتاری حاصل کرچکے ہیں جبکہ چندرا بابو نائیڈوکی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ہائی کورٹ میں زیر التواء ہے۔ نارا لوکیش سپریم کورٹ میں مقدمہ کے سلسلہ میں نئی دہلی میں ہیں اور اندیشہ ہے کہ آندھرا پردیش واپسی کے ساتھ ہی سی آئی ڈی انہیں گرفتار کرلے گی۔ تلگودیشم قائدین نے نارا لوکیش کی گرفتاری کی صورت میں لوکیش کی اہلیہ برہمنی کو پارٹی امور کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔