تلگودیشم ۔ کانگریس اتحاد سے این ٹی آر کی روح کو تکلیف۔ نائیڈو ‘ حلیف بدلنے میں مجھ سے سینئر ۔ گنٹور میں بی جے پی کی ریلی سے وزیر اعظم مودی کا خطاب
گنٹور ( اے پی ) 10 فبروری ( پی ٹی آئی ) وزیر اعظم نریندرمودی نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر شدید تنقید کی اور کہا کہ انہوںنے ریاست کی ترقی پر کئے گئے وعدوں سے انرحاف کیا ہے ۔ یو ٹرن لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نائیڈو صرف مرکز کی اسکیمات کی نقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مودی نے یہاں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے خصوصی پیکج میں جتنا ذکر کیا گیا تھا اس سے زیادہ کچھ آندھرا پردیش کو دیا ہے ۔ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر نے بھی اس پیکج کا اعتراف کیا ہے تاہم پھر انہوں نے یو ٹرن لے لیا کیونکہ وہ ان فنڈز کو مناسب انداز میں استعمال کرنے میں ناکام ہوگئے تھے اور وہ ریاست کو ترقی بھی نہیں دے سکے ہیں۔ مودی نے کانگریس سے اتحاد پر نائیڈو کو نشانہ بنایا اور کہا کہ سابق چیف منسٹر این ٹی راما راو نے آندھرا پردیش کو کانگریس سے پاک کرنے پارٹی قائم کی تھی جب انہیں ہٹ دھرمی کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ نائیڈو یقینی طور پر مجھ سے سینئر ہیں ۔ یہ سینیاریٹی صرف انتخابات ہارنے میں نہیں بلکہ اتحاد بدلنے میں اور اپنے خسر این ٹی راما راو کو دھوکہ دینے میں بھی سینئر ہیں۔ مودی نے کہا کہ نائیڈو انہیں یاد دہانی کرواتے رہتے ہیں کہ وہ مجھ ( مودی ) سے سینئر ہیں۔ اس پر کوئی شک کی گنجائش نہیں ہے ۔ میں نے کبھی آپ ( نائیڈو ) کی عزت میں کمی نہیں کی کیونکہ آپ مجھ سے سینئر ہیں۔ آپ اتحاد بدلنے میں بھی سینئر ہیں۔ آپ اپنے خسر کو دھوکہ دینے میں سینئر ہیں۔ آپ ایک کے بعد دیگر انتخابات ہارنے میں سینئر ہیں۔ جبکہ وہ ( مودی ) سینئر نہیں ہیں۔ مودی نے کہا کہ نائیڈو اس بات میں بھی سینئر ہیں کہ وہ آج جنہیں گالی دے رہے ہیں کل انہیں گلے لگاتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب سے آندھرا پردیش کو دئے گئے ایک ایک پیسے کا حساب مانگا گیا اس وقت سے نائیڈو ان پر تنقیدوں پر اتر آئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نائیڈو نے این ٹی راما راو کے نقش قدم پر چلنے کا وعدہ کیا تھا کیا وہ یہ وعدہ پورا کر رہے ہیں ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت میں دہلی کی ہٹ دھرمی سے ریاستیں متاثر ہوئی ہیں۔ اسی وجہ سے این ٹی راما راو نے تلگودیشم قائم کی تھی ۔
اسی وجہ سے این ٹی آر نے آندھرا پردیش کو کانگریس سے پاک بنانے کا عہد کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جس تلگودیشم لیڈر کو دہلی کے نامداروں کی اس ہٹ دھرمی کو ختم کرنا چاہئے تھا وہ انہیں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے ۔ مودی نے دعوی کیا کہ چوکیدار ( مودی ) نے اپنی نیند خراب کرلی ہے ۔ وہ آندھرا پردیش کو دئے گئے پیسے کا حساب مانگتا ہے ۔ مودی نے الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو ریاست کو ترقی دینے کی بجائے اپنے فرزند کو آگے بڑھانے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ چیف منسٹر نے امراوتی کی ترقی کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ خود کی ترقی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے غریبوں کیلئے کوئی نئے پروگرامس شروع نہیں کئے بلکہ وہ این ڈی اے حکومت کی ترقیاتی اسکیمات پر ریاست کی مہر ہی لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو جواب دینا چاہئے کہ آخر ایسی کیا مجبوری تھی کہ وہ نامداروں کے آگے خود سپرد ہوگئے ہیں۔ آخر وہ کیا دباو تھا کہ اس کی بدولت وہ اپنی پارٹی کی تاریخ ہی فراموش کربیٹھے ہیں۔ انہیں افسوس ہے کہ کانگریس مکت بھارت کیلئے چندرا بابو نائیڈو کو ہمارے ساتھ رہنا چاہئے تھا لیکن آج وہ کانگریس کے ساتھ ہوگئے ہیں۔ انہوں نے صاف فیول کی فراہمی کے تعلق سے کہا کہ گذشتہ 60 سال میں صرف 12 کروڑ گیس کنکشن دئے گئے تھے جبکہ این ڈی اے حکومت نے صرف چار سال میں 13 کروڑ گیس کنکشن دئے ہیں۔ قبل ازیں وزیر اعظم نے دو بڑے پٹرولیم اور گیس پراجیکٹس کو قوم کے نام معنون کیا ۔ انہوں نے بھارت پٹرولیم کارپوریشن کے ساحلی ٹرمنل کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا ۔ مودی نے کہا کہ ہمارا مقصد نیا ہندوستان بنانا ہے جو صاف ہو اور آلودگی سے پاک ہو۔ اس طرح کے پراجیکٹس قوم کی توانائی سلامتی کے معاملہ میں اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ہندوستان کو صاف فیول والی معیشت بنانے کیلئے کام کر رہی ہے اور کئی پراجیکٹس اس سلسلہ میں شروع کئے گئے ہیں۔