طبی معائنوں کے بعد وطن واپس ہوں گے
حیدرآباد۔/19 مئی، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو اپنے افراد خاندان کے ساتھ امریکہ روانہ ہوئے۔ انتخابی مرحلہ کی تکمیل کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے کل رات اپنی اہلیہ بھونیشوری کے ہمراہ امریکہ کیلئے پرواز کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چندرا بابو نائیڈو امریکہ میں قیام کے دوران اپنے طبی معائنے کروائیں گے۔ سابق میں وہ طبی معائنوں کیلئے امریکہ کا دورہ کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹرس کے مشورہ پر وہ دوبارہ طبی معائنوں کیلئے امریکہ روانہ ہوئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چندرا بابو نائیڈو تقریباً ایک ہفتہ امریکہ میں قیام کے بعد وطن واپس ہوں گے۔ چندرا بابو نائیڈو کے فرزند لوکیش چند دن قبل افراد خاندان کے ساتھ امریکہ روانہ ہوئے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ لوک سبھا اور اسمبلی کی تھکا دینے والی مہم میں چندرا بابو نائیڈو کافی کمزور ہوگئے تھے۔ ڈاکٹرس نے انہیں آرام کا مشورہ دیا لیکن انہوں نے وارانسی روانہ ہوگئے جہاں نریندر مودی کے پرچہ نامزدگی ادخال کی تقریب میں شرکت کی تھی۔ چندرا بابو نائیڈو کے شخصی معالجین نے امریکہ میں معائنوں کا مشورہ دیا اور وہاں کے ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔1