چندرا بابو نائیڈوتلنگانہ کی سیاست میں مداخلت نہ کریں۔ جی نرنجن کا مشورہ

   

حیدرآباد۔/9 جولائی، ( سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کی سیاست میں دلچسپی نہ لیں اور دونوں ریاستوں کی مجموعی ترقی کو پیش نظر رکھیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے چندرا بابو نائیڈو کی ملاقات حوصلہ افزاء ضرور ہے لیکن چندرا بابو نائیڈو کو تلگودیشم کے احیاء کی کوششوں سے گریز کرنا چاہیئے۔ تلنگانہ تلگودیشم کو کالعدم کرتے ہوئے پارٹی کو صرف آندھرا پردیش تک محدود رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام حیدرآباد میں چندرا بابو نائیڈو کے استقبال اور انہیں دی گئی تہنیت سے خوش نہیں ہیں کیونکہ چندرا بابو نائیڈو مخالف تلنگانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ میں تلگودیشم کو مستحکم کرنے کا اعلان کیا ہے جو تلنگانہ عوام کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو تلگو ریاستوں کے درمیان باہمی تنازعات کی یکسوئی کی حد تک اپنی سرگرمیوں کو محدود رکھنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام آندھرائی حکمرانوں کی جانب سے روا رکھی گئی ناانصافیوں کو بھول نہیں پائیں گے۔1