حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی نارا لوکیش نے مرکزی بجٹ میں آندھرا پردیش کیلئے اہم اعلانات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے آندھرا پردیش عوام کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی سے اظہار تشکرکیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آندھرا پردیش کیلئے اہم اعلانات کا خیرمقدم کیا اور وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے 2024-25 بجٹ میں دارالحکومت امراوتی، پولاورم پراجکٹ، صنعتی ترقی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کو ترجیحات میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے تعاون سے آندھرا پردیش ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ نارا لوکیش نے بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کی تکمیل میں تعاون کا اعلان اہمیت کا حامل ہے۔ امراوتی کیلئے 15 ہزار کروڑ کی منظوری کے ذریعہ مودی حکومت نے اپنے وعدہ کی تکمیل کی ہے۔1
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکز کا آندھرا پردیش کے ساتھ فراخدلانہ رویہ برقراررہے گا۔1