حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) مسٹر چندر ابابو نائیڈو قائد اپوزیشن آندھرا پردیش نے اپنے اور اپنے افراد خاندان کے اثاثہ جات کا اعلان کرتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ ان کے پاس موجود دولت کتنی ہے اور ان کے افراد خاندان کی مجموعی دولت کیا ہے۔تلگو دیشم پارٹی سیکریٹری مسٹر لوکیش نائیڈو نے اپنے والد اور دیگر افراد خاندان کی دولت کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی مالی سال 2018-19 کے دوران مجموعی دولت و اثاثہ جات کی لاگت میں گذشتہ سال سے اب تک 30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور ان کے پاس موجود اثاثہ جات کی لاگت مجموعی اعتبار سے 3.87 کروڑ ہے جو کہ 31مارچ 2019 کو موجود تھی۔ مسٹر لوکیش نائیڈو نے واضح کیا کہ جو اثاثہ جات کی لاگت کا اندازہ لگایا جا رہا ہے وہ قیمت خرید ہے اور موجودہ بازار کی قیمت سے جائیدادوں کی قیمت کا تعلق نہیں ہے۔ مسٹر لوکیش نائیڈو نے اپنے والد کے بعد اپنے فرزند دیوانش نائیڈو کے مجموعی اثاثہ جات کی لاگت کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ دیوانش کے پاس موجود اثاثہ جات کی لاگت مجموعی اعتبار سے19کروڑ42لاکھ ہے اس اعتبار سے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کا پوترا نہ صرف اپنے دادا سے زیادہ دولتمند ہے بلکہ اپنے والد سے بھی زیادہ دولت دیوانش کے پاس موجود ہے کیونکہ مسٹر لوکیش نائیڈو نے اپنے اثاثہ جات کا جو انکشاف کیا ہے اس کے مطابقان کے پاس 19کروڑ کے اثاثہ جات ہے جبکہ ان کے فرزند کے پاس ان کے اثاثوں سے 42لاکھ زائد کے اثاثہ جات موجود ہیں‘5 سالہ ماسٹر دیوانش نہ صرف اپنے والد اور دادا سے زیادہ دولت رکھتے ہیں بلکہ ہیریٹیج کمپنی کی سی ای او جو کہ ان کی والدہ ہیں نارا برہمنی سے بھی زیادہ دولت دیوانش کے پاس ہے۔ ماسٹر دیوانش کی والدہ نارا برہمنی کے جملہ اثاثہ جات کی لاگت 11کروڑ 51لاکھ بتائی گئی ہے۔تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے پارٹی سربراہ کے افراد خاندان کے اثاثہ جات کے انکشاف اور ان کی تفصیلات کی فراہمی کے دوران مسٹر لوکیش نائیڈو نے واضح کیا کہ جن جائیدادوں کی قیمت کا تعین کیا گیا ہے وہ بازاری قیمت نہیں ہے بلکہ وہ قیمت خرید ظاہر کی گئی ہے علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ خاندان کی جملہ جائیدادوں کا تذکرہ اس میں کیا جاچکا ہے جن میں حیدرآباد میں موجود جائیدادوں کے ساتھ ضلع چتور کے علاوہ دیگر اضلاع میں موجود جائیدادوں کا بھی تذکرہ موجود ہے۔انہو ںنے بتایا کہ ان کی والدہ کی جائیدادوں کے علاوہ ان کے بینک کھاتوں اور قرضہ جات کی تفصیلات بھی پیش کی جاچکی ہے اور تلگو دیشم پارٹی شفاف حکمرانی کی قائل ہی اسی لئے ہر سال مسٹر نائیڈو اپنے خاندان کے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات جاری کرتے ہیں۔