چندرا بابو نائیڈو نے نریندر مودی کو کافی پینے کی دعوت دی

   

وزیر اعظم نے2016 کی تصویر سوشیل میڈیا پر شیئر کی
حیدرآباد۔/30 جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو آندھرا پردیش کے تفریحی مقام آراکو ویلی میں چائے پر مدعو کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر 2016 کی ایک تصویر شیئر کی جس میں اسوقت کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ وہ وشاکھاپٹنم کی آراکو ویلی میں کافی کا مزہ لے رہے ہیں۔ نریندر مودی نے لکھا کہ آراکو میں کافی کا مزہ لینے کی یاد آج بھی تازہ ہے۔ انہوں نے تصویر شیئر کی جس میں چندرا بابو نائیڈو اور اس وقت کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن دیکھے جاسکتے ہیں۔ نائیڈو نے وزیر اعظم کے ٹوئیٹ کے جواب میں لکھا کہ آراکو میں گریجن خواتین انتہائی محبت و عقیدت سے کافی سربراہ کرتی ہیں۔ گریجن خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے حکومت کی جانب سے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش میں آراکو جیسے مقامات کے تحفظ اور ترقی کے قدم اٹھائے گئے ہیں تاکہ سیاحت میں اضافہ ہو۔ انہوں نے آراکوویلی کی یادوں کو شیئر کرنے پر وزیر اعظم مودی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ آراکو میں کافی کا مزہ لینے وہ نریندر مودی کی آمد کے منتظر رہیں گے۔ واضح رہے کہ یہ سیاحتی مقام گریجن طبقات کی آبادی سے پُر ہے اور وہاں کی خواتین کی جانب سے ذائقہ دار کافی تیار کی جاتی ہے۔1