چندرا بابو نائیڈو پر این ٹی آر کے اقدار سے دھوکہ کا الزام

   

ذاتی اقتدار بچانے کیلئے کانگریس کے ساتھ اتحاد۔ وزیر اعظم مودی کا بی جے پی کارکنوں سے خطاب
امراوتی 6 جنوری ( پی ٹی آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے بیٹے کو عروج پر لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں اور ان کی یہ کوششیں ریاست کو غرق کرنے کا موجب ہوسکتی ہں۔ آندھرا پردیش کے بی جے پی ورکرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کرتے ہوئے مودی نے تلگو عزت نفس کا بھی حوالہ دیا اور الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی کے بانی این ٹی راما راو کے ساتھ دھوکہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تلگو عزت نفس کو اسی وقت بحال کیا جاسکتا ہے جب چندرا بابو نائیڈو اپنے سیاسی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آندھرا پردیش کے مفادات کو ترجیح دیںاور اپنی اقتدار کی ہوس کو ختم کریں۔ مودی نے کہا کہ این ٹی راما راو کیلئے اور ان کے اصولوں کیلئے ایک حقیقی خراج عقیدت یہی ہوسکتا ہے کہ ان لوگوں ( نائیڈو ) کو اقتدار سے بدیخل کردیا جائے جنہوں نے این ٹی آر کی اقدار کو ترک کردیا ہے اور ان کی یادوں سے دھوکہ کیا ہے ۔ این ٹی آر نے جس سنہرے آندھرا پردیش کا خواب دیکھا تھا وہ اسی وقت شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب آندھرا پردیش کے ہر شہری کو ترقی کے ثمرات حاصل ہوں صرف ایک خاندان کو نہیں۔ این ٹی راما راو کو تلگو عزت نفس کی حقیقی علامت قرار دیتے ہوئے مودی نے یاد دہانی کروائی کہ یہ این ٹی آر ہی تھے جنہوں نے مخالف کانگریس قومی محاذ تشکیل دیتے ہوئے کانگریس مکت بھارت کا نعرہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج خود این ٹی آر کے داماد ( چندرا بابو نائیڈو ) نے اپنا سر کانگریس کے آگے خم کردیا ہے تاکہ اپنے اقتدار کو بچاسکیں۔ این ٹی آر ہی تلگو عزت نفس کی حقیقی علامت تھے ۔ انہوں نے تلگو عوام کی عزت نفس کو مجروح کرنے اور تلگو مفادات پر دھوکہ کرنے کی وجہ سے کبھی کانگریس کو معاف نہیں کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں آج جو لوگ اقتدار پر ہیں وہ اپنا اقتدار بچانے اس قدر بے چین ہیں کہ انہوں نے تلگو مفادات کو قربان کردیا ہے اور دوسری مرتبہ این ٹی آر کی پشت میں چھرا گھونپا ہے ۔