چندرا بابو نائیڈو کو ریٹرن گفٹ یقینی: سرینواس یادو

   

ضلع کرشنا میں یادو طبقہ کے اجلاس میں شرکت، تلگو دیشم حکومت پر تنقید
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو عوام کی جانب سے بہر صورت ریٹرن گفٹ دیا جائے گا ۔ کرشنا ضلع کے ابراہیم پٹنم منڈل میں یادو طبقہ کے پروگرام میں شرکت کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی حکومت پانچ ہزار کروڑ روپئے سے یادو کارپوریشن قائم کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یادو طبقہ سے انصاف کیلئے آندھراپردیش میں بھی یادو کارپوریشن قائم کیا جائے ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ آندھراپردیش کی عوام چندرا بابو نائیڈو حکومت کے خلاف ہے۔ نائیڈو عوام کی فلاح و بہبود کے بارے میں صرف پبلسٹی کر رہے ہیں۔ حالانکہ بنیادی سطح پر کوئی کام نہیں ہے ۔ عوامی رقومات کا بیجا استعمال کرتے ہوئے چیف منسٹر کی پبلسٹی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نہیں بلکہ آندھراپردیش کے عوام چندرا بابو نائیڈو کو ریٹرن گفٹ دینے کے لئے تیار ہیں ۔ کاپو طبقہ کو تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا لیکن انہیں دھوکہ ہوا۔ آندھراپردیش کو خصوصی موقف کے بارے میں چندرا بابو نائیڈو نے کئی مرتبہ اپنا موقف تبدیل کیا ہے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ ٹی آر ایس آندھراپردیش کو خصوصی موقف کی تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے بی سی طبقات کو اسمبلی اور پارلیمنٹ میں مناسب نمائندگی کا مطالبہ کیا ۔