چندرا بابو نائیڈو کو فائبر نیٹ مقدمہ میں پیر تک گرفتاری سے راحت

   

سی آئی ڈی کو سپریم کورٹ کی ہدایت
حیدرآباد ۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے فائبر نیٹ مقدمہ میں صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کو راحت دیتے ہوئے پولیس کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے فائبر نیٹ مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پیش کی جس کی آج سماعت ہوئی ۔ سپریم کورٹ میں آئندہ سماعت منگل تک کیلئے ملتوی کردی۔ چندرا بابو نائیڈو کے وکیل نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ فائبر نیٹ مقدمہ میں تین افراد کو ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی گئی ہے جبکہ دو ملزمین کو باقاعدہ ضمانت دی گئی۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری منظور نہ کئے جانے پر حیرت کا اظہار کیا۔ سدھارتھ لوتھرا نے کہا کہ مقدمہ کے سلسلہ میں سیکشن 17-A کا غلط استعمال کیا گیا ہے۔ جسٹس انیرودھ بوس نے منگل کو آئندہ سماعت کی اطلاع دی جس پر چندرا بابو نائیڈو کے وکیل نے کہا کہ پیر کو اے سی بی کی خصوصی عدالت میں چندرا بابو نائیڈو کو پیش کیا جائے گا لہذا انہیں گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی جائے۔ فاضل جج نے سی آئی ڈی کے وکیل مکل روہتگی کو مشورہ دیا کہ چندرا بابو نائیڈو کو کم از کم پیر تک گرفتار نہ کیا جائے۔ سی آئی ڈی کے وکیل نے کہا کہ وہ اے سی بی کی خصوصی عدالت کو فائبر نیٹ مقدمہ کی سماعت چہارشنبہ تک ملتوی کرنے کا مشورہ دیں گے۔