حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کی سی آئی ڈی تحویل سے متعلق درخواست پر اے سی بی خصوصی عدالت نے فیصلہ کل تک کیلئے ملتوی کردیا ۔ اے سی بی جج جمعہ کو صبح 10:30 بجے فیصلہ سنائیں گے۔ اِسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں گرفتاری کے بعد چندرا بابو نائیڈو کو عدالتی تحویل کے تحت راجمندری جیل منتقل کیا گیا ۔ سی آئی ڈی نے مزید تحقیقات کیلئے پانچ دن تحویل کی اجازت طلب کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ میں چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے مقدمہ کالعدم کرنے سے متعلق درخواست کے ادخال کے سبب اے سی بی عدالت نے فیصلہ کل تک کیلئے ملتوی کردیا۔ ہائی کورٹ میں مقدمات کی فہرست میں چندرا بابو نائیڈو کی درخواست کو شامل کیا گیا ہے۔ عدالت میں اے سی بی کے وکیل نے بتایا کہ فائبرنیٹ کیس اور امراوتی رنگ روڈ معاملہ میں سی آئی ڈی کی جانب سے پی ٹی وارنٹ پیش کیا گیا جس کی سماعت بھی جمعہ کو ہوگی۔ چندرا بابو نائیڈو کے وکیل نے سی آئی ڈی کسٹڈی کی مخالفت کی اور کہا کہ گرفتاری کے بعد سی آئی ڈی نے پانچ گھنٹوں تک تفتیش مکمل کرلی ہے۔
ریلوے پروٹیکشن فورس کی یوم تاسیس پر کل سکندرآباد میں پریڈ
مملکتی وزیر ریلویز سلامی لیں گے
حیدرآباد۔/21ستمبر، ( سیاست نیوز) ساؤتھ سنٹرل ریلوے کی جانب سے ریلوے پروٹیکشن فورس کا یوم تاسیس 23 ستمبر کو آر پی ایف ٹریننگ سنٹر مولا علی سکندرآباد میں منایا جائے گا۔ مرکزی مملکتی وزیر ریلویز راؤ صاحب پاٹل دنوے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ جنرل منیجر ارون کمار جین اور مرکزی نیم فوجی دستوں اور ریاستی پولیس کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ ریلوے پروٹیکشن فورس کا 1957 میں قیام عمل میں آیا۔ 1966 میں آر پی ایف کو تحقیقات، گرفتاری اور پراسیکیوٹ کرنے کے اختیارات دیئے گئے تاکہ ریلویز کے اثاثہ جات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائی ہو۔ نمایاں خدمات پر آر پی ایف کو مرکز کی مسلح فورس کا موقف دیا گیا۔ پریڈ میں 200 آر پی ایف جوان شرکت کریں گے جو 11 پلاٹونس پر مشتمل رہے گی۔ تقریب میں پریسیڈنٹ پولیس میڈل اور دیگر ایوارڈز پیش کئے جائیں گے۔