چندرا بابو نائیڈو کی درخواست ضمانت پر آج ہائی کورٹ میں سماعت

   

حیدرآباد ۔26۔اکتوبر (سیاست نیوز) اسکل ڈیولپمنٹ اسکام مقدمہ میں صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے داخل کردہ ضمانت کی درخواست پر ہائی کورٹ کا وکیشن بنچ کل 27 اکتوبر کو سماعت کرے گا ۔ جسٹس وینکٹ جیوتی پرتاپ کے بنچ پر کل سماعت کئے جانے والے کیسس میں چندرا بابو نائیڈو کی بیل پٹیشن کی درخواست 8 ویں نمبر پر شامل کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اے سی بی کی خصوصی عدالت نے چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کردیا جس کے بعد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ۔ ہائی کورٹ میں 19 اکتوبر کو درخواست کی سماعت کی اور چندرا بابو نائیڈو کے وکلاء کی درخواست پر معاملہ کو وکیشن بنچ سے رجوع کرنے سے اتفاق کیا گیا۔ عام طور پر تعطیلات کے بعد ہی مقدمات کی سماعت ہوتی ہے لیکن چندرا بابو نائیڈو کے وکلاء نے معاملہ کی سنگینی پیش کرتے ہوئے سماعت کی درخواست کی ۔ واضح رہے کہ چندرا بابو نائیڈو کی صحت میں خرابی کے پیش نظر انہیں ضمانت منظور کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اسی دوران چندرا بابو نائیڈو کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹرس کی ٹیم نے حکومت کو رپورٹ پیش کرتے ہوئے ان کی آنکھوں کا علاج کرانے کا مشورہ دیا ہے ۔ ڈاکٹرس کی ٹیم وقفہ وقفہ سے چندرا بابو نائیڈو کا معائنہ کر رہی ہے۔ تلگو دیشم قائدین اور چندرا بابو نائیڈو کے ارکان خاندان نے جیل میں علاج کو نظر انداز کرنے کی شکایت کی ہے۔