جیل حکام کا میڈیکل رپورٹس دینے سے انکار
حیدرآباد ۔16۔اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کی صحت کے بارے میں افراد خاندان اور پارٹی قائدین نے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے راجمندری جیل میں محروس چندرا بابو نائیڈو کی صحت بگڑنے کی اطلاعات کے بعد سے افراد خاندان حکومت پر مناسب علاج نہ کرنے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں چندرا بابو نائیڈو کی اہلیہ بھونیشوری اور فرزند لوکیش نے جیل میں ملاقات کی اور میڈیا کے روبرو جذبات سے مغلوب ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ارکان خاندان نے چندرا بابو نائیڈو کی میڈیکل رپورٹس حوالے کرنے کیلئے جیل حکام کو تحریری طور پر درخواست دی لیکن رپورٹس دینے سے انکار کیا گیا۔ رپورٹس کی اجرائی سے انکار پر تشویش میں مزید اضافہ ہوچکا ہے ۔ 12 اکتوبر کے بعد چندرا بابو نائیڈو کے جتنے بھی معائنے کئے گئے تھے ، ان کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ سرکاری ڈاکٹرس کی خصوصی ٹیم نے چندرا بابو نائیڈو کا معائنہ کرتے ہوئے کئی میڈیکل رپورٹس کی سفارش کی تھی۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرس کے مشورہ کے مطابق علاج جاری ہے۔ نائیڈو کے افراد خاندان نے الزام عائد کیا کہ جگن موہن ریڈی جیل میں بہتر علاج کے بجائے نائیڈو کی صحت میں بگاڑ کے ذمہ دار ہیں۔