حیدرآباد۔/27 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم این چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست کی آئندہ سماعت 29 ستمبر کو مقرر کی گئی۔ امراوتی اِنر رنگ روڈ اسکام کے معاملہ میں چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری کی اپیل کی۔ عدالت نے آج درخواست کی سماعت کی تاہم مزید مباحث 29 ستمبر کو مقرر کئے۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے سینئر وکیل سدھارتھ لوترا نے دلائل پیش کئے جبکہ سی آئی ڈی کی طرف سے ایڈوکیٹ جنرل سری رام نے بحث کی۔ دارالحکومت کی تعمیر کے وقت اِنر رنگ روڈ کے ڈیزائن میں تبدیلی کے ذریعہ فائدہ حاصل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کے رکن اسمبلی رام کرشنا ریڈی کی شکایت پر 9 مئی کو سی آئی ڈی نے مقدمہ درج کیا۔ اس مقدمہ میں چندرا بابو نائیڈو کو ملزم نمبر 1 قراردیا گیا۔
سی آئی ڈی نے کل اس مقدمہ میں نارا لوکیش کو ملزم نمبر 14 بنایا ہے۔ نائیڈو اور لوکیش دونوں نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں داخل کی ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو کی درخواست پر آئندہ سماعت 29 ستمبر کو ہوگی۔