چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست

   

حیدرآباد۔/8 مئی، ( سیاست نیوز) اِسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے دائر کردہ درخواست کو سپریم کورٹ نے آئندہ 10 ہفتوں کیلئے ملتوی کردیا۔ آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے چندرا بابو نائیڈو کو ضمانت منظور کی تھی جسے منسوخ کرنے کیلئے آندھرا پردیش حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی۔ جسٹس بی ایم ترویدی اور جسٹس پنکج متل پر مشتمل بنچ نے اس معاملہ کی سماعت دس ہفتے بعد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھرا پردیش سی آئی ڈی کی جانب سے سینئر وکیل رنجیت کمار نے بتایا کہ دفعہ 17A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اس سلسلہ میں ضمانت منظور نہیں کی جاسکتی۔ جسٹس ترویدی نے کہا کہ دفعہ 17A کے تحت مقدمہ درج کرنے کیلئے گورنر سے اجازت حاصل کی جانی چاہیئے۔ اس مسئلہ پر عدالت جائزہ لے رہی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو کی جانب سے سینئر وکیل سدھارتھ لوترا نے بتایا کہ مقدمہ میں چارج شیٹ داخل کردی گئی ہے۔ سیکشن 17A کے تحت ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت حاصل کرنے کے معاملہ پر عدالت نے چارج شیٹ کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ چندرا بابو نائیڈو کو سپریم کورٹ کے فیصلہ سے قبل ہی ہائی کورٹ نے ضمانت منظور کی ہے۔52 دنوں تک جیل میں رہنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو کو ضمانت دی گئی۔1