چندرا بابو نائیڈو کی عدالتی تحویل میں 5 اکٹوبر تک توسیع

   

حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) اے سی بی کی خصوصی عدالت نے سابق چیف منسٹر اور تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو کی تحویل میں 5 اکٹوبر تک توسیع کردی ہے۔ تلگودیشم سربراہ کی عدالتی تحویل ختم ہونے پر انہیں آج آن لائن عدالت کے روبرو پیش کیا گیا۔ سی آئی ڈی کی جانب سے چندرا بابو نائیڈو کی تحویل میں توسیع کی درخواست کی گئی کیونکہ انہوں نے کئی سوالات کے مبینہ طور پر جوابات نہیں دیئے۔ چندرا بابو نائیڈو کے وکلاء نے سی آئی ڈی تحویل میں اضافہ کی مخالفت کی۔ فریقین کی سماعت کے بعد جج نے 5 اکٹوبر تک عدالتی تحویل میں توسیع کا فیصلہ سنایا۔ چندرا بابو نائیڈو کو راجمندری جیل سے ورچول موڈ میں جج کے روبرو پیش کیا گیا۔ چندرا بابو نائیڈو سے جج نے سوال کیا کہ تحقیقات کے دوران سی آئی ڈی عہدیداروں نے کوئی تکلیف پہنچائی ہے؟ تھرڈ ڈگری کا استعمال کیا گیا؟ اور کوئی تکلیف تو نہیں دی؟۔ جج نے سوال کیا کہ بروقت طبی معائنے کرائے گئے یا نہیں؟ ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی استفسار کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ سی آئی ڈی عہدیداروں کی جانب سے کوئی تکلیف نہیں ہوئی ہے۔ جج نے سماعت کے بعد چندرا بابو نائیڈو کی تحویل کو 5 اکٹوبر تک توسیع دیتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ اِسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں سی آئی ڈی نے چندرا بابو نائیڈو کو گرفتار کیا ہے اور وہ راجمندری جیل میں عدالتی تحویل میں ہیں۔