حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت نے 2021 میں صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ اور پارٹی ہیڈکوارٹر پر حملہ کے واقعہ کی جانچ سی آئی ڈی کے حوالے کردی ہے۔ اس سلسلہ میں سرکاری طور پر احکامات جاری کئے گئے۔ منگل گیری اور تاڑے پلی پولیس اسٹیشنوں کی جانب سے ان واقعات کی جانچ کی جارہی تھی۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں معاملات کو سی آئی ڈی کے حوالے کردیا جائے۔ سرکاری احکامات کے مطابق پیر کے دن دونوں واقعات کی متعلقہ فائیلیں سی آئی ڈی کے حوالے کردی جائیں گی۔ واضح رہے کہ 19 اکٹوبر 2021 کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے حامیوں نے تلگودیشم آفس پر حملہ کرتے ہوئے نقصان پہنچایا تھا جبکہ ستمبر 2021 میں چندرا بابو نائیڈو کی قیامگاہ پر حملہ کیا گیا تھا۔ دونوں واقعات کی جانچ اب کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کرے گا۔1