سابق چیف منسٹر برہم، سیکورٹی سے کھلواڑ کا الزام، تلگودیشم قائدین کا احتجاج
حیدرآباد۔/16 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر اور سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اُن کی قیامگاہ پر ڈرون کے ذریعہ نگرانی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور وائی ایس آر کانگریس حکومت پر برہمی ظاہر کی۔ چندرابابو نائیڈو نے حکومت سے بعض سوالات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کیا میری قیامگاہ کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ کیا میری سیکورٹی کے بارے میں کھیل کھیلا جارہا ہے۔ ہائی سیکورٹی زون میں شامل سابق چیف منسٹر کی قیامگاہ پر ڈرون کس نے چلایا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے سلسلہ میں عدالت سے رجوع ہونے کی صورتحال پیدا کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود حکومت کیوں سیکورٹی مسئلہ پر کھلواڑ کررہی ہے۔ میری قیامگاہ پر ڈرون بھیجنے کی وجوہات کیا ہیں۔ اس معاملہ میں پکڑے گئے افراد نے بتایا کہ چیف منسٹر کی قیامگاہ سے کرن کے کہنے پر یہ کارروائی کی گئی۔ چندرا بابو نے سوال کیا کہ کیا چیف منسٹر جگن کی قیامگاہ پر بھی ڈرون چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس قائدین کی کمزوری اور نااہلی کے سبب عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے اس سلسلہ میں ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس اور ڈائرکٹر جنرل پولیس گوتم سوانگ سے فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے ہائی سیکورٹی زون میں ڈرون کی پرواز پر اعتراض کرتے ہوئے عہدیداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے پوچھا کہ ڈرون کی پرواز کس نے کی اور اس کی اجازت کس نے دی۔ ڈی جی پی اور ریاستی حکومت کی اجازت کے بغیر ڈرون نہیں اڑایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قیامگاہ پر ڈرون کے ذریعہ کیا نظر رکھی جارہی ہے۔ کیا میری سیکورٹی پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔ امراوتی میں چندرا بابونائیڈو کی قیامگاہ پر ڈرون کی پرواز کی اطلاع ملنے کے بعد تلگودیشم قائدین وہاں پہنچ گئے ۔ سابق وزیر ڈی اوما، سابق رکن اسمبلی شراون، ضلع تلگودیشم صدر جی وی انجینلو نے کارکنوں کے ہمراہ احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے ڈرون کی پرواز پر پولیس سے سوالات کئے۔ آندھرا پردیش کے محکمہ فروغ انسانی وسائل نے اس سلسلہ میں وضاحت کی ہے۔ محکمہ نے کہا کہ ڈرونس کے ذریعہ تصویری کشی کی گئی۔ سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے نگرانی کی جارہی ہے۔ عہدیداروں کی اجازت سے ڈرون کے استعمال کی اطلاعات سامنے آئی ہے۔ اسی دوران چندرابابو نائیڈو نے حیدرآباد سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی قائدین سے بات چیت کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے میں وائی ایس آر کانگریس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے سیلاب کی صورتحال پر ایک بھی جائزہ اجلاس منعقد نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف نفرت کے جذبہ اور دشمنی کے تحت سیلاب سے متاثرہ عوام سے انتقام لیا جارہا ہے۔
